نیوزی لینڈ نے پہلا ایک روزہ مقابلہ با آسانی جیت لیا

0 1,049

ایک سبزی مائل وکٹ اپنے چار تیز گیند بازوں کی مدد سے نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں با آسانی 90 رنز سے زیر کر لیا۔ یونیورسٹی اوول، ڈنیڈن میں میزبان نیوزی لینڈ نے حریف ٹیم کی جانب سے ملنے والی بلے بازی کی دعوت کو بخوشی قبول کیا اور باؤلرز کے لیے سازگار وکٹ کے باوجود 248 رنز کا مجموعہ اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ البتہ یہاں تک پہنچنے کے لیے اسے اپنی تمام وکٹیں ضرور گنوانا پڑیں۔

برینڈن ٹیلر کی روانگی کے ساتھ ہی زمبابوے کی موہوم سی امیدیں بھی ختم ہو گئیں (تصویر: Getty Images)
برینڈن ٹیلر کی روانگی کے ساتھ ہی زمبابوے کی موہوم سی امیدیں بھی ختم ہو گئیں (تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ کے اننگز ساز کھلاڑی دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے مارٹن گپٹل رہے جنہوں نے صورتحال کے رنگ میں ڈھلنے کے بجائے اپنے روایتی تیز رفتار انداز سے بلے بازی کی اور 66 گیندوں پر 70 رنز بنا کر میزبان ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔ گپٹل کے بعد کین ولیم سن، ناتھن میک کولم اور اینڈریو ایلس کی مختصر اننگز نے نیوزی لینڈ کے سفر کو جاری رکھا۔ ولیم سن نے 35، ناتھن نے 30 اور ایلس نے 33 رنز بنائے۔ لیکن تمامتر کوششوں کے باوجود ٹیم پورے اوورز نہ کھیل سکی اور 49 ویں اوور میں 248 رنز پر تمام ہوئی۔

زمبابوے کے باؤلرز نے کنڈیشنز اور وکٹ پر موجود گھاس سے ملنے والی مدد کا بھرپور استعمال کیا۔ شنگی ماساکازا نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کائل جاروس اور ایلٹن چگمبورا کو 2، 2 وکٹیں ملیں۔ گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچ میں چہرے پر گیند لگنے کی وجہ سے اپنے کئی دانت گنوا بیٹھنے والے باؤلر کیگن میتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں محض 15 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھنے کے باوجود زمبابوے خصوصاً ان کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ہمت نہیں ہاری۔ ٹیلر نے نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک سیزن میں شرکت کے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور بلے بازوں کے لیے مشکل صورتحال کے باوجود بلیک کیپس کی پیس بیٹری کا بھرپور مقابلہ کیا۔ البتہ انہیں اپنے کسی ساتھی کی جانب سے وہ مدد نہ مل سکی جو منزل کی جانب پیش قدمی میں کارآمد ثابت ہوتی۔ ٹیلر نے 68 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ آخری مرتبہ جب دونوں ٹیمیں زمبابوین سرزمین پر آمنے سامنے آئی تھیں تو نیوزی لینڈ کو ایک انتہائی سنسنی خیز معرکے کے بعد شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا تھا لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہوا کیونکہ زمبابوے کی اننگز 42 ویں اوور کے آغاز کے ساتھ ہی 158 رنز پر ہی مکمل ہو گئی۔ یوں اسے نیوزی لینڈ نے با آسانی 90 رنز کی فتح سمیٹی۔

چند روز قبل ہی ایک ہی دن میں دو مرتبہ آؤٹ ہو جانے کے بعد یہ زمبابوے کی ایک اور حوصلہ شکن ہار ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے راب نکول نے سب سے زیادہ یعنی 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین وکٹیں کائل ملز کو ملیں۔ ڈوگ بریسویل اور اینڈریو ایلس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ تقریباً دو سال قبل پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کرنے والے یونیورسٹی اوول کا دوسرا ایک روزہ مقابلہ تھا۔ اس مرتبہ بھی فتح نے نیوزی لینڈ کے قدم چومے ۔

مارٹن گپٹل کو سب سے نمایاں اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا دوسرا معرکہ 6 فروری کو وانگھیری میں ہوگا۔

نیوزی لینڈ بمقابلہ زمبابوے

پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

3 فروری 2012ء

بمقام: یونیورسٹی اوول، ڈنیڈن

نتیجہ: نیوزی لینڈ 90 رنز سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: مارٹن گپٹل

نیوزی لینڈ رنز گیندیں چوکے چھکے
راب نکول ک ٹیلر ب میتھ 0 5 0 0
مارٹن گپٹل ب چگمبورا 70 66 9 0
برینڈن میک کولم ایل بی ڈبلیو ب جاروس 3 3 0 0
کین ولیم سن ک و ب شنگی ماساکازا 35 53 4 0
ٹام لیتھم ک ٹائبو ب چگمبورا 24 33 3 0
ڈین براؤنلی رن آؤٹ 19 28 2 0
ناتھن میک کولم ب شنگی ماساکازا 30 42 2 0
اینڈریو ایلس ب شنگی ماساکازا 33 30 4 0
ڈوگ بریسویل ناٹ آؤٹ 8 15 0 0
کائل ملز ب جاروس 7 12 1 0
ٹم ساؤتھی ایل بی ڈبلیو ب شنگی ماساکازا 3 4 0 0
فاضل رنز ل ب 7، و 9 16
مجموعہ 48.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 248

 

زمبابوے (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیگان میتھ 7 0 48 1
کائل جاروس 9 1 41 2
شنگی ماساکازا 9.3 0 46 4
ایلٹن چگمبورا 10 0 46 2
رے پرائس 10 1 47 0
ہملٹن ماساکازا 3 0 13 0

 

زمبابوےہدف: 249 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
ہملٹن ماساکازا رن آؤٹ 7 19 1 0
اسٹورٹ ماسیکنیری ایل بی ڈبلیو ب ملز 1 2 0 0
ریگس چکابوا ک نکول ب ملز 2 12 0 0
برینڈن ٹیلر ک ایلس ب نکول 58 68 8 1
ٹاٹنڈا ٹائبو ک ولیم سن ب ایلس 20 39 2 0
میلکم والر ایل بی ڈبلیو ب نکول 12 20 0 0
ایلٹن چگمبورا ک و ب بریسویل 15 16 2 0
کیگان میتھ ایل بی ڈبلیو ب نکول 10 26 1 0
شنگی ماساکازا ک نکول ب ملز 2 5 0 0
رے پرائس ناٹ آؤٹ 26 35 5 0
کائل جاروس اسٹمپ میک کولم ب نکول 2 5 0 0
فاضل رنز و 3 3
مجموعہ 41.1 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 158

 

نیوزی لینڈ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کائل ملز 8 2 26 3
ڈوگ بریسویل 8 1 33 1
ٹم ساؤتھی 8 0 27 0
اینڈریو ایلس 8 1 34 1
راب نکول 4.1 0 19 4
ناتھن میک کولم 5 0 19 0