نئے سال کا جشن، کوری اینڈرسن کی ریکارڈ ساز اننگز اور نیوزی لینڈ کامیاب

3 1,038

دنیا بھر میں نئے سال کا جشن منانے کے مختلف انداز اپنائے جاتے ہیں اور نیوزی لینڈ کے نوجوان بلے باز کوری اینڈرسن نے ایک روزہ کرکٹ کا ایک عظیم ریکارڈ توڑنے کے لیے اس دن کا انتخاب کیا ۔ انہوں نے 2014ء کے پہلے دن صرف 36 گیندوں پر سنچری داغ کر شاہد خان آفریدی کا 17 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا اور نیوزی لینڈ کو سیریز کے تیسرے ون ڈے میں 159 رنز کی شاندار فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس کی بدولت سیریز بھی برابری پر آ کھڑی ہوئی ہے جبکہ دو مقابلے ابھی باقی ہیں۔

کوری اینڈرسن نے صرف 36 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، اور 131 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے (تصویر: AFP)
کوری اینڈرسن نے صرف 36 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، اور 131 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے (تصویر: AFP)

کوئنزٹاؤن میں دنیا کے خوبصورت ترین میدانوں میں سے ایک میں ہونے والے سیریز کے تیسرے ون ڈے کو بارش نے تقریباً اختتام تک پہنچا دیا تھا کہ آخر میں 21 اوورز فی اننگز کا مقابلہ طے پا گیا اور یہی وہ لمحہ تھا جس سے لگا کہ قسمت اس میدان کو ایک تاریخی حیثیت دینا چاہتی ہے۔ نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز تو دھواں دار انداز میں کیا لیکن ابتدائی 8 اوورز میں ہی اس کی 3 وکٹیں گرگئیں لیکن اسکوربورڈ پر 84 رنز کا اچھا مجموعہ ضرور موجود تھا جب کوری اینڈرسن میدان میں اترے۔

اینڈرسن نے آتے ہی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں کے طوطے اڑا دیے۔ انہوں نے سنیل نرائن اور روی رامپال کو ایک ہی اوور میں چار، چار چھکے رسید کیے اور اٹھارہویں اوور کی پہلی گیند پر نکیتا ملر کو لانگ لیگ پر شاندار چھکا رسید کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ۔

شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996ء میں نیروبی میں عالمی چیمپئن سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سنچری بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ شاہد کی اس اننگز میں 11 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ جبکہ کوری نے 14 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 131 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 21 اوورز میں 283 رنز کا پہاڑ کھڑا کر ڈالا، جس میں جیسی رائیڈر کا بھی حصہ اہم تھا جنہوں نے صرف 51 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار باری کھیلی اور چوتھی وکٹ پر رائیڈر اور اینڈرسن کے درمیان صرف 75 گیندوں پر 191 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جو آخری اوور میں اپنے اختتام کو پہنچی، جب رائیڈر آؤٹ ہوئے۔ رائیڈر نے 12 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے تاریخ کی چھٹی تیز ترین ون ڈے سنچری بنائی۔ لیکن رائیڈر کی اس طوفانی اننگز کو اینڈرسن کی ریکارڈ ساز کارکردگی نے گہنا دیا۔

مقابلے کے انتظار میں گھنٹوں گزارنے والے شائقین چھکوں اور چوکوں کی برسات سے خوب محظوظ ہوئے جبکہ ویسٹ انڈین باؤلرز کے لیے منہ چھپانے کو جگہ نہ تھی۔ روی رامپال نے 3 اوورز میں 64 رنز کھائے جبکہ لینڈل سیمنز کو 2 اوورز میں 29 رنز کی مار سہنا پڑی۔ سنیل نرائن کو 4 اوورز میں 50 اور نکیتا ملر کو 48 رنز پڑے جبکہ دونوں کو ایک، ایک وکٹ بھی مل۔ جیسن ہولڈر نے 4 اوورز میں 48 رنز دیے اور 2 وکٹیں سمیٹیں۔ کپتان ڈیوین براوو کو بھی 4 اوورز میں 48 رنز پڑے۔

بلے بازی کے اس شاندار مظاہرے کا ویسٹ انڈیز کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ جو اب تک ممکن ہونے والے واحد مقابلے میں ڈیرن سیمی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بمشکل 2 وکٹوں سے کامیاب ہوا تھا۔ آج 284 رنز کے تعاقب میں صرف 124 رنز بنا پایا۔

اتنے بڑے ہدف کے تعاقب میں اوپنر جانسن چارلس پہلے ہی اوور میں اس وقت آؤٹ ہوئے جب ویسٹ انڈیز کا مجموعہ صفر تھا جبکہ 19 رنز تک لینڈل سیمنز اور کیرن پاول بھی میدان بدر ہوچکے تھے۔ بے دلی سے مکمل ہونے والی اننگز میں واحد قابل ذکر بات کپتان ڈیوین براوو کی نصف سنچری تھی جنہوں نے 54 گیندوں پر تین چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔ نارسنگھ دیونرائن کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 56 رنز کی شراکت داری نے وکٹیں گرنے سے بچائیں لیکن شکست کے مارجن کو کم کرنا ان کے بس کی بات نہ تھی، نہ ہو سکی۔

نیوزی لینڈ نے باؤلنگ بھی بہت عمدہ کی۔ اسٹرائیک باؤلر مچل میک کلیناہن نے اپنے دو اوورز میں صرف 7 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کائل ملز نے 2 ہی اوور پھینکے اور 11 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلے بیٹنگ میں کمال دکھانے والے جیسی رائیڈر نے باؤلنگ میں بھی کارکردگی دکھائی اور 4 اوورز میں صرف 13 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے علاوہ گرنے والی واحد وکٹ جمی نیشام کو ملی جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں 21 رنز دیے۔

کوری اینڈرسن کو ریکارڈ ساز کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تین مقابلوں کے بعد ایک-ایک سے برابر سیریز کا چوتھا اور اہم مقابلہ 4 جنوری کو نیلسن میں کھیلا جائے گا۔