ایک روزہ ٹیم کا اعلان: کامران و مصباح شامل، یوسف باہر

0 1,038

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 6 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور اس مرتبہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ مقابلوں کے لیے نظر انداز کیے گئے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو بھی جگہ دی گئی ہے۔

گزشتہ موسم گرما میں انگلستان کے متنازع دورے کے بعد سے کامران اکمل پاکستانی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے اور ان کا ٹیم میں عدم انتخاب کئی افواہوں کا باعث بن رہا تھا۔ ماہ اکتوبر میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے انہیں پاکستان کی جانب سے کھیلنے کے لیے کلیئرنس تو دے دی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی نے انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کے لیے کلیئرنس نہیں دی تاہم اس کی کوئی وجوہات بھی بیان نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب سینیئر بلے باز محمد یوسف کو ٹیسٹ کے بعد اب ایک روزہ مقابلوں کے لیے بھی منتخب نہیں کیا گیا۔ محمد یوسف کو دورۂ جنوبی افریقہ کے دوران صرف ایک میچ کھیلنے کا موقع ملا جس کے بعد وہ ان فٹ ہوگئے تھے۔ محمد یوسف کا نام ورلڈ کپ 2011ء کے 30 ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی شامل ہے تاہم اس سیریز میں انہیں نظر انداز کیے جانے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی حتمی ٹیم میں بھی جگہ نہیں بنا پائیں گے۔ علاوہ ازیں 19 سالہ اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کو بھی ایک روزہ میچز کے لیے اسکواڈ میں طلب کیا گیا ہے۔

کپتان شاہد آفریدی کو ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی مقابلوں میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجود کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ یہ عالمی کپ 2011ء سے قبل آفریدی کا آخری اور اہم امتحان ہوگا اور اس امر کے واضح امکانات ہیں کہ مصباح کی قیادت میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد اگر شاہد آفریدی ایک روزہ میچز میں ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرا سکے تو وہ عالمی کپ میں ٹیم کی قیادت سے محروم ہو سکتے ہیں۔ اس وقت پاکستان کرکٹ کے مقتدر حلقوں میں آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں کے حوالے سے انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں اور چند ماہ قبل فرسٹ چوائس کپتان قرار دینے والے سابق کھلاڑی بھی آفریدی کے غیر ذمہ دارانہ طرز کھیل سے اب ان کے مخالف ہو گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے لیے 6 ایک روزہ مقابلوں کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ یہ عالمی کپ سے قبل پاکستان کے آخری میچز ہیں اور ان کے نتائج کا عالمی کپ میں ٹیم مورال پر بہت زیادہ اثر انداز ہوگا۔ سیریز کے چھ میچز بالترتیب 22 جنوری، 26 جنوری، 29 جنوری، یکم فروری، 3 فروری اور 5 فروری کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کا اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
شاہد آفریدی (کپتان)، احمد شہزاد ، اسد شفیق، تنویر احمد، سعید اجمل، سہیل تنویر، شعیب اختر، عبد الرحمن، عبد الرزاق، عمر اکمل، عمر گل، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، مصباح الحق، وہاب ریاض، یونس خان