اب ٹرپل سنچری بھی ناممکن نہیں: مائیکل کلارک

0 1,009

آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کا خیال ہے کہ بھارت کے بلے باز روہیت شرما کا طویل ترین ایک روزہ اننگز کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے، بلکہ اب ایک روزہ کرکٹ میں بلے بازوں کے لیے ٹرپل سنچری بنانا بھی ناممکن نہیں رہا۔

افغانستان کے خلاف حالیہ مقابلے میں آسٹریلای کے ڈیوڈ وارنر نے 178 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، وہ باآسانی ڈبل سںچری بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن سکتے تھے لیکن اس وقت آؤٹ ہوگئے جب محض 38 واں اوور جاری تھا۔ بعد ازاں آسٹریلیا نے مقابلہ 275 رنز سے جیتا۔ بلے بازوں کی اس شاندار کارکردگی کی آسٹریلوی کپتان نے خوب تعریف کی اور کہا کہ "ڈیوڈ وارنر ڈبل سنچری سے محروم رہ گئے لیکن میرے خیال میں وارنر کے علاوہ کرس گیل اور ابراہم ڈی ولیئرز بھی ٹرپل سنچری بنا سکتے ہیں۔ اگر میدان چھوٹا ہو اور ان بلے بازوں کا دن ہو تو یہ بھی ممکن ہے۔"

روہیت نے گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ مقابلے میں 264 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی تھی۔ یہ روہیت کی دوسری ڈبل سنچری تھی اور ایک روزہ تاریخ کی سب سے بڑی اننگز بھی۔ ان کے ہم وطن سچن تنڈولکر اور وریندر سہواگ کے بعد ابھی عالمی کپ ہی میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل بھی ڈبل سنچری بنا چکے ہیں۔