پاکستان کی کوچ تلاش کمیٹی کا اجلاس کل نہیں ہوگا

2 1,043

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے نئے کوچ کے لیے تشکیل شدہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل (مورخہ 6 ستمبر کو) منعقد نہیں ہو رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیو واٹمور پاکستان کی کوچنگ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں تاہم کمیٹی ملکی ناموں پر بھی غور کرے گی

آج پاکستان کے تقریباً تمام اخبارات میں کھیلوں کے صفحات پر شہ سرخیوں کی صورت میں یہ خبر شایع ہوئی ہے کہ انتخاب عالم کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس 6 ستمبر کو ہو رہا ہے جبکہ کرک نامہ کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی کے رکن کرنل (ر) نوشاد علی اس وقت ملک میں موجود ہی نہیں ہیں، اس لیے اجلاس کا انعقاد ناممکن ہے بلکہ ابھی اس کی کوئی تاریخ بھی متعین نہیں کی گئی۔

پاکستان کے موجودہ کوچ وقار یونس اس وقت آخری دورے پر زمبابوے میں موجود ہیں۔ انہوں نے طبی مسائل اور ذاتی وجوہات کی بناء پر قومی کرکٹ ٹیم کے لیے مزید خدمات انجام دینے سے معذرت کر لی ہے۔ اس لیے اس وقت پاکستان کے کرکٹ حلقوں میں یہ امر سب سے زیادہ زیر بحث ہے کہ نیا کوچ کون ہوگا۔

اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے 29 اگست کو سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جسے عید الفطر کے بعد نئے کوچ کی تلاش کا کام جاری رکھنے کا ہدف سونپا گیا۔ کمیٹی کی سربراہی سابق کوچ و مینیجر انتخاب عالم کو دی گئی جبکہ اراکین میں ماضی کے عظیم بلے باز ظہیر عباس اور ملکی کرکٹ انتظامیہ کے اہم رکن کرنل (ر) نوشاد علی شامل تھے۔ اس کے علاوہ سابق کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کو بھی بطور معاون کمیٹی کا حصہ بنایا گیا۔

ابتداء میں کمیٹی کو ستمبر کے ابتدائی دو ہفتوں میں اپنی سفارشات مرتب کر کے بورڈ کے روبرو پیش کرنے کا ہدف دیا گیا تھا تاہم اب موجودہ صورتحال میں ایسا ہونا ممکن نظر نہیں آتا اور اب ماہ رواں کے آخر تک ہی کوئی صورت نظر آتی ہے۔
ذرائع نے کرک نامہ کو مزید بتایا ہے کہ کمیٹی کا رحجان غیر ملکی کوچ کی جانب ہے اور رمیز راجہ کی شمولیت اس جانب واضح اشارہ کرتی ہے کیونکہ اُن کے بیرون ملک بہت اچھے تعلقات ہیں جو کسی غیر ملکی کوچ کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔