کلارک کے ہوتے ہوئے دوبارہ ٹیم میں نہیں آ سکتا، سائمن کیٹچ پھٹ پڑے

2 1,063

آسٹریلیا کے اوپنر سائمن کیٹچ قومی کرکٹ ٹیم سے مسلسل نظر انداز کیے جانے کے بعد بالآخر پھٹ پڑے اور انہوں نے ٹیم میں عدم شمولیت کا تمام تر ذمہ دار کپتان مائیکل کلارک کو قرار دیا ہے۔ اچن کا کہنا ہے کہ مائیکل کلارک نے نہ صرف میرا ٹیسٹ کیریئر ختم کرنے کی کوشش کی بلکہ رواں سال کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مرکزی معاہدہ نہ ملنے کے پیچھے بھی اُنہی کا ہاتھ ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ مائیکل کلارک کے ہوتے ہوئے میں دوبارہ ٹیم میں واپس آ سکوں گا۔

سائمن کیٹچ اور موجودہ کپتان مائیکل کلارک کے درمیان تعلقات 2009ء میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سڈنی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں ڈریسنگ روم میں جھگڑے کے باعث خراب ہو گئے تھے، جس کے دوران کیٹچ نے مائیکل کلارک کو گریبان سے پکڑ لیا تھا۔

اچھے دنوں کی یادیں؛ مائیکل کلارک (دائیں) اور سائمن کیٹچ (بائیں) جانب (تصویر: Getty Images)
اچھے دنوں کی یادیں؛ مائیکل کلارک (دائیں) اور سائمن کیٹچ (بائیں) جانب (تصویر: Getty Images)

اس واقعے کے بعد سائمن کیٹچ کا مرکزی معاہدہ ختم کر دیا گیا تھا اور اُن کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے آج تک کرکٹ آسٹریلیا سے بھی کسی عہدیدار نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جان انویریئرٹی کی بطور قومی سلیکٹر تقرری کے باوجود 36 سالہ سائمن کا کہنا ہے کہ انویریئرٹی کی تعیناتی کی مجھے زیادہ خوشی نہیں ہے کیونکہ کلارک میری ٹیم میں واپسی کی حمایت نہیں کریں گے، اس لیے اُن کے چیئرمین سلیکٹرز بننے سے یا کوئی بھی عہدہ قبول پڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ آسٹریلیا میں کوچ اور کپتان بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوتے ہیں، اور ٹیم کے انتخاب میں ان کی مشاورت کو ترجیح دی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ سائمن کیٹچ اپنی ٹیم میں واپسی کے لیے بہت زیادہ پرامید نہیں دکھائی دیتے۔

مرکزی معاہدوں کی فہرست سے اخراج کے بعد سائمن کیٹچ نے قومی سلیکٹرز اور کرکٹ آسٹریلیا کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ان تبدیلیوں کی جانب اشارہ کیا تھا جنہیں بعد ازاں آرگس کمیشن نے نافذ کیا۔

سائمن کیٹچ اور مائیکل کلارک دونوں ماضی میں اس طرح کے کسی بھی جھگڑے کی تردید کرتے رہے ہیں لیکن اب سائمن نے آپسی اختلافات کو نمایاں کر دیا ہے۔ سائمن نے آخری مرتبہ ایشیز 2010-11ء میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی اور مائیکل کلارک کو باضابطہ کپتان بنائے جانے کے بعد سے ٹیم میں شمولیت سے محروم ہیں۔ کلارک اور سائمن دونوں آسٹریلیا کی مقامی کرکٹ میں ایک ہی ٹیم یعنی نیو ساؤتھ ویلز کی نمائندگی کرتے ہیں۔