آئی سی سی کی صدارت، نجم سیٹھی مضبوط امیدوار

0 1,246

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مصطفیٰ کمال کے استعفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی صدارتی کرسی خالی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی عبوری طور پر اس عہدے کو سنبھال سکتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے پچھلے مہینے عالمی کپ 2015ء کے کوارٹر فائنل میں بھارت کے ہاتھوں بنگلہ دیش کی شکست کے بعد نہ صرف امپائروں بلکہ خود آئی سی سی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آئینی اختیار ہونے کے باوجود انہیں فائنل میں فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے سے روک دیا گیا جس کے بعد وطن واپس پہنچ کر مصطفیٰ کمال نے استعفیٰ دے دیا۔ بنگلہ دیش کو کہا گیا تھا کہ وہ جلد از جلد ان کے متبادل کے طور پر کسی کے نام کا اعلان کرے لیکن بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ ابھی تک کسی نام پر متفق نہیں ہوسکا۔

نجم سیٹھی یکم جولائی سے ایک سال کے لیے اس عہدے کو سنبھالتے لیکن انہوں نے عبوری طور پر ابھی سے صدارت پانے کی خواہش ظاہر کی ہے اور اس کا فیصلہ آئندہ چند روز میں آئی سی سی اجلاس میں ہوجائے گا۔ اس اجلاس میں شرکت کے لیے نجم سیٹھی دبئی میں ہی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی میں صدر کا عہدہ اعزازی و نمائشی حیثیت کا ہے اور اس کے اختیارات بہت محدود ہیں۔