جوا خانے کیوں گئے؟ معین کو واپس بلا لیا گیا

1 1,038

وہ کہتے ہیں ناں کہ مصیبت کبھی اکیلے نہیں آتی۔ پاکستان کرکٹ کے ساتھ بھی معاملہ کچھ ایسا ہی ہے۔ عالمی کپ کے ابتدائی مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں شکست کو تو پھر بھی ایک بڑے حلقے سے تسلیم کرلیا ہوگا کیونکہ بھارت بلاشبہ ایک مضبوط حریف ہے لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف 150 رنز کی شکست کسی سے ہضم نہیں ہو رہی۔ شکست کی معلوم و نامعلوم وجوہات پر ہونے والی اس بحث کے دوران ایک چونکا دینے والی خبر منظرعام پر آئی کہ چیف سلیکٹر معین خان کرائسٹ چرچ کے ایک جوا خانے میں گئے تھے، وہ بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم مقابلے سے صرف دو دن پہلے۔ حقیقت طشت ازبام ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے معین خان کو فوراً وطن واپسی کا حکم دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے کہا ہے کہ "ہم نے معین خان سے وضاحت مانگی ہے اور اُن کا کہنا ہے کہ وہ وہاں صرف کھانا کھانے گئے تھے لیکن ہمیں لگتا ہے کہ ایسے موقع پر یہ چیز مناسب نہیں‌تھی، وہ بھی ایسے وقت کہ جب پاکستان کرکٹ عالمی کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ میں خراب دور سے گزر رہی ہے۔ ہم اس پر زیادہ گفتگو نہیں کرنا چاہتے لیکن ایک چیف سلیکٹر اور دورے پر موجود ٹیم انتظامیہ کے اہم رکن ہونے کے ناطے انہیں احتیاط برتنی چاہیے تھے اور مجھے نہیں لگتا کہ اُن کی واپسی سے ٹیم کی کارکردگی پر کوئی اثر پڑے گا ۔"

معین خان کو عالمی کپ کے لیے ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ روانہ کرنے پر بھی چند حلقوں نے سخت اعتراضات کیے تھے لیکن ٹیم کے انتخاب کی ذمہ داری ادا کرنے کے باوجود انہیں انتظامیہ کے رکن کی حیثیت سے ساتھ بھیجا گیا اور اب عین دورے کے وسط سے واپس بلایا جا رہا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اب ٹور سلیکشن کمیٹی کی سربراہی نوید اکرم چیمہ کریں گے، جس میں ان کا ساتھ کپتان مصباح الحق اور کوچ وقار یونس دیں گے۔ اگر جوا خانے جانے کے الزامات درست ثابت ہوئے تو معین خان کو اپنے عہدے سے ہاتھ بھی دھونا پڑسکتے ہیں۔