مصباح سال کے بہترین غیر ملکی ٹیسٹ کھلاڑی قرار، برطانوی جریدہ

2 1,019

انگلستان کے معروف جریدے 'دی کرکٹر' نے پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو سال کا بہترین غیر ملکی ٹیسٹ کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔

مصباح الحق نے گزشتہ 12 ماہ میں کھیلے گئے 6 ٹیسٹ مقابلوں میں 90.28 کے شاندار اوسط سے 632 رنز بنائے، اور اس عرصے میں نہ صرف شاندار بلے بازی کی بلکہ اچھی قیادت کے ذریعے بہترین نتائج بھی دیے۔

دی کرکٹر برطانیہ کے معروف کرکٹ جرائد میں شامل ہے
دی کرکٹر برطانیہ کے معروف کرکٹ جرائد میں شامل ہے

جریدے کی 'سال کی بہترین ٹیسٹ' ٹیم میں مصباح کے علاوہ ان کے ہم وطن بائیں ہاتھ کے اسپنر عبد الرحمٰن بھی شامل ہیں جنہوں نے 6 ٹیسٹ مقابلوں ہی میں 31.28 کی اوسط سے 29 وکٹیں حاصل کیں۔

دی کرکٹر کے اعزازات جریدے کے لکھاریوں کی جانب سے 12 ماہ کے دوران ٹیسٹ کارکردگی کی بنیاد پر دیے گئے نمبروں پر دیے جاتے ہیں۔ اس عرصے کے دوران عبد الرحمن نے 10 میں سے 6.83 نمبر حاصل کیے جو بھارت کے ہربھجن سنگھ اور گریم سوان سے زیادہ تھے جنہوں نے بالترتیب 6.58 اور 6.17 نمبر لیے۔

اعزازات دی کرکٹر جریدے کے نومبر کی اشاعت کا اہم حصہ ہوں گے، جو جمعہ 14 اکتوبر سے برطانیہ میں فروخت کےلیے دستیا ب ہوگا۔