سر توڑ کوشش، لیکن آئرلینڈ آسٹریلیا کو زیر نہ کرسکا

0 1,177

انگلستان کے دورے پر ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد آسٹریلیا نے محدود اوورز کے مرحلے کاآغاز بھرپور کامیابی کے ساتھ کیا ہے، گو کہ یہ کامیابی روایتی حریف کے خلاف نہیں بلکہ آئرلینڈ کے خلاف رہی کہ جس کے خلاف واحد ایک روزہ میں آسٹریلیا نے ڈک ورتھ لوئس طریق کار کے مطابق 23 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

بیلفاسٹ میں کھیلے گئے مقابلے کے لیے ٹاس آسٹریلیا نے جیتا اور پہلی ہی وکٹ پر جو برنس اور ڈیوڈ وارنر کی 139 رنز کی شراکت داری کے ذریعے بہترین شروعات حاصل کی۔ برنس 70 گیندوں پر 69 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ وارنر نے 80 گیندوں پر 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ بارش سے مقابلہ بارہا متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کے بلے باز اس شاندار آغاز کا ویسا فائدہ نہ اٹھا سکے اور 41 ویں اوور میں جب آسٹریلیا کی اننگز بالآخر رک گئی تو وہ 6 وکٹوں پر صرف 222 رنز بنا پایا تھا۔ حالانکہ آسٹریلیا نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 15 اوورز مکمل ہونے سے پہلے ہی 100 رنز کا سنگ میل حاصل کرلیا تھا۔

بہرحال، وارنر کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بلے باز متاثر نہ کرسکا۔ کپتان اسٹیون اسمتھ 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ جارج بیلی نے صرف ایک اور گلین میکسویل نے محض 2 رنز بنائے۔ شین واٹسن نے ناقابل شکست 26 رنز بنائے جبکہ مچل مارش 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

بارش سے متاثرہ مقابلے میں آئرلینڈ کو 24 اوورز میں 181 رنز کا ہدف ملا۔ کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے اننگز کی پہلی ہی گیند کو چوکے کے لیے روانہ کرکے آئرلینڈ کے ارادے ظاہر کردیے لیکن اسی اوور کی پانچویں گیند ان کے لیے واپسی کا پروانہ لے کر آئی۔ مچل اسٹارک نے انہیں کلین بولڈ کیا اور اگلے اوور میں ناتھن کولٹرنائل نے پال اسٹرلنگ کو صفر کی ہزیمت سے دوچارمیزبان کے لیے انتہائی نازک حالات پیدا کردیے۔ محض 7 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد جب مجموعہ 27 تک پہنچا بارش کی وجہ سے مقابلہ تیسری مرتبہ روکا گیا اور یوں 27 اوورز میں 195 رنز کا ہدف مزید گھٹ کر 24 اوورز میں 181 رنز تک آ گیا۔یہاں ایڈ جوائس اورنیال اوبرائن نے معاملات سنبھالے اور بہترین رفتار کے ساتھ اننگز کو لے کر آگے بڑھے۔ جب 15 ویں اوور میں اسکور بورڈ پر 93رنز موجود تھے تو آئرلینڈ خاصا مطمئن تھا لیکن میکس ویل کے پے در پے اوورز میں دونوں سیٹ بلے بازوں کا آؤٹ ہونا ناقابل تلافی نقصان ثابت ہوا۔ پہلے جوائس کی 33 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز تمام ہوئی اور اگلے اوور میں نیال 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد آنے والا کوئی بلے باز آسٹریلیا کے لیے خطرہ ثابت نہ ہوسکا۔ آخری پانچ اوورز میں آئرلینڈ کو 46 رنز کی ضرورت تھی، لیکن آخری اوور تک پہنچتے پہنچتے تمام کھلاڑی 157 رنزپر ڈھیر ہوچکے تھے۔

کولٹرنائل نے تین جبکہ اسٹارک، پیٹرک کمنز اور میکس ویل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ وارنر کو بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

اب انگلستان کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کا آغاز 31 اگست کو واحد ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا جبکہ ایک روزہ مرحلہ 3 ستمبر کو شروع ہوگا جب ساؤتھمپٹن میں دونوں ٹیمیں پہلا ون ڈے کھیلیں گی۔