زخمی مائیکل کلارک کا ٹیسٹ کیریئر خطرے سے دوچار

0 1,017

پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی تیاریاں تو بھرپور انداز میں جاری تھیں لیکن کپتان مائیکل کلارک کے زخمی ہونے سے انہیں بہت سخت دھچکا پہنچا ہے۔ ایک روزہ مرحلے میں عدم شمولیت کی تو پہلے ہی تصدیق ہوچکی ہے لیکن اب ٹیسٹ کھیلنے کے امکانات بھی خاصے کم دکھائی دے رہے ہیں۔ ٹیم فزیو تھراپسٹ ایلکس کونٹورس کہتے ہیں کہ ہم کلارک کو اس وقت تک نہیں کھلائیں گے جب تک کہ وہ 100 فیصد فٹ نہ ہو جائیں، جلدبازی میں کھلا کر ان کے ٹیسٹ کیریئر کو داؤ پر لگانے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

کلارک ماضی میں بھی متعدد بار ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوچکے ہیں، لیکن اس اس مرتبہ زخمی ہونے سے کیریئر کو سخت خطرات لاحق ہوچکے ہیں (تصویر: Gettty Images)
کلارک ماضی میں بھی متعدد بار ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوچکے ہیں، لیکن اس اس مرتبہ زخمی ہونے سے کیریئر کو سخت خطرات لاحق ہوچکے ہیں (تصویر: Gettty Images)

مائیکل کلارک حالیہ دورۂ زمبابوے میں اپنی بائیں ران کے پٹھے میں کھنچاؤ کا شکار ہوگئے تھے اور زمبابوے کے خلاف ایک میچ کھیل کر انہوں نے اپنی اس انجری کو مزید شدید کردیا جس کا نقصان انہیں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہونے کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ بارہا ایک ہی مسئلے سے دوچار ہونے کے بعد اب مختلف حلقوں کی جانب سے ایسے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ مائیکل کلارک کا ٹیسٹ کیریئر ختم ہوچکا ہے۔

اس وقت فزیو اور خود مائیکل کلارک کو بھی یقین تو نہیں ہے کہ وہ مکمل صحت یاب ہوپائیں گے لیکن امید ضرور رکھتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل دستیاب ہوں گے۔ کونٹورس نے بتایا کہ ٹیسٹ دستے کی آمد سے ایک ہفتہ قبل کلارک کو متحدہ عرب امارات بھیجا جائے گا۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ وہ ٹیسٹ مقابلوں سے محروم نہ رہیں اور ان کی جلد آمد کا مقصد بھی بحالی کے عمل کو کامیاب بنانا ہے۔

کلارک کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انہیں ران کے پٹھے میں تکلیف طویل فضائی سفر کی وجہ سے ہوئی ہے اور شاید اسی وجہ سے انہیں ٹیم کے دیگر اراکین سے کہیں پہلے عرب امارات بھیجا جائے گا تاکہ ان کے پاس سفر کی تکان اتارنے کے لیے اچھا خاصا وقت موجود ہو۔

آسٹریلیا نے فی الحال ون ڈے سیریز کے لیے کلارک کی جگہ فلپ ہیوز کو شامل کرلیا ہے جبکہ ٹیسٹ نہ کھیلنےکی صورت میں ان کی جگہ نائب کپتان بریڈ ہیڈن آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ 22 اکتوبر سے دبئی میں شروع ہوگا ۔