عالمی کپ کے لیے بھارت کا ابتدائی دستہ،تجربہ کار کھلاڑی باہر

1 1,016

عالمی چیمپئن بھارت نے اگلے سال ورلڈ کپ کے لیے اپنے 30 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں چار سال قبل عالمی اعزاز حاصل کرنے والے دستے کے چار اہم ترین اراکین، گوتم گمبھیر، یووراج سنگھ، وریندر سہواگ اور ہربھجن سنگھ شامل نہیں۔ ویسے ان کی عدم شمولیت کوئی حیران کن امر نہیں کیونکہ ان میں سے کسی نے گزشتہ ایک سال میں کوئی ون ڈے مقابلہ نہیں کھیلا۔

یووراج سنگھ، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر اور ہربھجن سنگھ نے ایک سال کے عرصے سے کوئی ون ڈے نہیں کھیلا (تصویر: BCCI)
یووراج سنگھ، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر اور ہربھجن سنگھ نے ایک سال کے عرصے سے کوئی ون ڈے نہیں کھیلا (تصویر: BCCI)

عالمی کپ اگلے سال 14 فروری کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سرزمین پر شروع ہوگا جہاں بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا اور 15 فروری کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف اپنا پہلا مقابلہ کھیلے گا۔ بھارت پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ گروپ 'بی' میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے لیے حتمی 15 رکنی دستے کا اعلان 7 جنوری تک کیا جائے گا۔

فی الحال ممکنہ 30 رکنی کھلاڑیوں میں سے صرف چار ایسے ہیں جو 2011ء کے عالمی کپ میں شامل تھے، کپتان مہندر سنگھ دھونی، نائب کپتان ویرات کوہلی، سریش رینا اور روی چندر آشون۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے جمعرات کو 30 رکنی ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلا ن کیا جس میں نوجوان اور ایک روزہ کرکٹ کا جدید تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یووراج سنگھ نے عالمی کپ 2011ء جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے لیکن گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے انہوں نے کوئی ایک روزہ مقابلہ نہیں کھیلا ۔ دوسری جانب ہربھجن سنگھ ہیں جو عالمی کپ کے بعد ہی ون ڈے ٹیم سے ایسے باہر ہوئے کہ آشون کے مقابلے میں یہ مقام کھو بیٹھے۔ وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کو بھی بھارت کی نمائندگی کیے ہوئے دو سال کا عرصہ ہونے والا ہے۔

ابتدائی دستے کے بیشتر کھلاڑی وہ ہیں جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے عرصے میں بھارت کی قومی ٹیم میں جگہ پائی ہے۔ البتہ ان میں سے کتنے حتمی 15 رکنی دستے میں ہوں گے اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے پرواز بھریں گے، اس کے لیے ہمیں ایک مہینہ مزید انتظار کرنا ہوگا۔

اعلان کردہ ابتدائی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

بلے باز:

اجنکیا راہانے، امباتی رائیڈو، روبن اوتھپا، روہیت شرما، سریش رینا، شیکھر دھاون، کیدر جھادو، مرلی وجے، منوج تیواری، منیش پانڈے اور ویراٹ کوہلی

آل راؤنڈرز:

اسٹورٹ بنی، اکشر پٹیل، پرویز رسول اور رویندر جدیجا

وکٹ کیپرز:

سنجو سمسن، مہندر سنگھ دھونی اور وریدھمن ساہا

تیز گیندباز:

اشوک ڈِنڈا، امیش یادیو، ایشانت شرما، بھوونیشور کمار، دھاول کلکرنی، محمد شامی، موہیت شرما اور ورون آرون

اسپن گیندباز:

امیت مشرا، روی چندر آشون، کرن شرما اور کلدیپ یادیو