محمد عامر کی واپسی کے امکانات روشن

5 1,007

پاکستان کے باصلاحیت، لیکن اسپاٹ فکسنگ جیسے قبیح فعل کے ارتکاب کے بعد پابندی کا نشانہ بننے والے تیز گیندباز محمد عامر بہت جلد ایک مرتبہ پھر کرکٹ کھیل پائیں گے۔

محمد عامر نے ابتداء میں صحت جرم سے انکار کیا لیکن جب فوجداری مقدمہ چلا تو عدالت میں اعتراف جرم کرلیا (تصویر: AFP)
محمد عامر نے ابتداء میں صحت جرم سے انکار کیا لیکن جب فوجداری مقدمہ چلا تو عدالت میں اعتراف جرم کرلیا (تصویر: AFP)

اگست 2010ء میں دورۂ انگلستان میں سٹے بازوں کے کہنے پر جان بوجھ کر نو-بالز پھینکنے اور بھاری رقوم اینٹھنے کے الزام میں عامر سمیت اس کے وقت کے پاکستانی کپتان سلمان بٹ اور ساتھی گیندباز محمد آصف کو دھر لیا گیا تھا اور بعد ازاں بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تینوں پر کم از کم پانچ، پانچ سال کی پابندی عائد کی تھی۔ علاوہ ازیں تینوں کو برطانیہ میں بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے مقدمے میں بھی قید کی سزائیں ہوئی تھیں۔

اب جبکہ گرد کافی حد تک بیٹھ چکی ہے اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے چند ماہ قبل انسداد بدعنوانی کے اپنے ضابطوں میں چند ترامیم بھی کی ہیں، امکان ہے کہ محمد عامر جلد کرکٹ میدانوں میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ انسداد بدعنوانی کے نئے ضابطوں کے تحت اگر کوئی کھلاڑی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے تو اسے پابندی کا عرصہ مکمل ہونے سے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ محمد عامر پر عائد پابندی کا خاتمہ رواں سال اگست میں ہوگا اور اگر انہیں یہ رعایت ملتی ہے تو وہ بہت جلد پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔

پاکستان نے انسداد بدعنوانی کے ضابطوں میں ترمیم کے فوراً آئی سی سی سے تحریر مطالبہ کیا تھا کہ وہ محمد عامر پر عائد پابندی کا جائزہ لے جس کے بعد گزشتہ روز آئی سی سی نے محمد عامر کا انٹرویو لیا ہے اور ان کے حوالے سے آئندہ چند روز میں فیصلہ ہوجائے گا۔

پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں اگلا اہم ٹورنامنٹ اپریل میں ہونے والے سپر 8ٹی ٹوئنٹی کپ ہے تو آپ کے خیال میں محمد عامر کون سے شہر کی نمائندگی کرتے دکھائی دیں گے؟