شعلہ فشاں کرس گیل بین الاقوامی کرکٹ میں واپس

2 1,169

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز کرس گیل 14 ماہ بعد بین الاقوامی نیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے پر تول رہے ہیں اور دنیا ان کے بلے کے جوہر دیکھنے کے لیے بے تاب ہے۔ 16 جون سے انگلستان کے خلاف شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) کی جانب سے اُنہیں با قاعدہ طور پر ٹیم میں منتخب کر لیا گیا ہے۔

کرس گیل نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی (تصویر: AFP)
کرس گیل نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی (تصویر: AFP)

اپریل 2011ء میں پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں منتخب نہ کئے جانے پر ایک ریڈیوکو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے ڈبلیو آئی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعدایک طویل عرصے تک بورڈ اور گیل کے درمیان کشیدہ رہے اور نتیجہ ان کی ایک سال سے زیادہ کے طویل عرصے تک بین الاقوامی کرکٹ سے بھی محرومی کی صورت میں نکلا۔ بورڈ کے ساتھ معاملات سرد ہو جانے کے باوجود بھارت، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور زمبابوے میں ہونے والے مختلف لیگ ٹورنامنٹس میں کھیل کر گیل نے اپنی جیب کو خوب گرم رکھا۔

جمیکا سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ گیل نے اپنا پہلا میچ 1999ء میں کھیلا اور 288 میچوں میں 19 سنچریاں بنانے والے گیل کو بلا شبہ ویسٹ انڈیز کا سب سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑی کہا جا سکتا ہے۔ گزشتہ سال 23 مارچ کو وہ آخری مرتبہ پاکستان کے خلاف عالمی کپ کوارٹر فائنل میں کھیلتے نظر آئے جس میں ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ ماہ کیریبین کمیونٹی کے وزراء کی کوششوں کی بدولت کرس گیل اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت کا آغازہوا جس کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہوئے۔ پچھلے اتوار کو باقی ماندہ معاملات بھی حل ہو گئے اور یوں گیل ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کا حصہ بن گئے۔

گیل کی واپسی سے ڈیرن سیمی کی قیادت میں ویسٹ انڈیز ایک مضبوط دستے کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ گیل کے علاوہ بہت سے وہ کھلاڑی، جو اب تک آئی پی ایل میں مصروف تھے، ایک روزہ دستے کا حصہ ہیں۔ ڈیوین براوو نائب کپتان کے طور پر واپس آ چکے ہیں، جبکہ آل راؤنڈر کیون پولارڈ، آندرے رسل اور ڈیوون اسمتھ بھی اسکواڈ کو تقویت بخشنے پہنچ چکے ہیں۔ باصلاحیت اوپنر لینڈل سمنز بھی دستے میں شامل کر لئے گئے ہیں جو انگلی کی چوٹ کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔

انگلستان و ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 16 جون کو ساؤتھمپٹن میں پہلے ایک روزہ مقابلے سے ہو رہا ہے۔ 3 ایک روزہ مقابلوں کی اس سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ایک ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلیں گی۔

ایک روزہ سیریز کے لیے ویسٹ انڈین دستہ:

ڈیرن سیمی (کپتان)، ڈیوین براوو (نائب کپتان)، آندرے رسل، ٹینو بیسٹ، جانسن چارلس، دنیش رام دین، ڈیرن براوو، ڈیوین اسمتھ، روی رامپال، سنیل نرائن، فیڈل ایڈورڈز، کرس گیل، کیرون پولارڈ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔