اسٹالینز کا آل راؤنڈ کھیل؛ ہاکس کو آؤٹ کلاس کردیا

2 1,039

کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شعیب ملک کی قیادت میں اترنی والی سیالکوٹ اسٹالینز نے آسان حریف حیدرآباد ہاکس کو شکست دے کر فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی 2011ء کا فاتحانہ آغاز کر لیا. ٹورنامنٹ کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی سیالکوٹ کی ٹیم ابتداء ہی سے کھیل پر چھائی رہی اور کسی بھی وقت حریف ٹیم کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیا جس کا نتیجہ انہیں 9 وکٹ کی ایک آسان اور بڑی فتح کی صورت میں ملا.

فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی کے چوتھے میچ میں حیدرآباد ہاکس کے کپتان عظیم گھمن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا. ان کا یہ فیصلہ ابتداء ہی سے غلط ثابت ہوا کہ جب سیالکوٹ کے سرفراز احمد نے پہلے ہی اسپیل میں تین ابتدائی ہاکس بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا دی. ان میں شرجیل خان، کپتان عظیم گھمن اور عقیل انجم جیسے اہم اور مستند بلے باز شامل تھے. اس موقع پر وکٹ کیپر بلے باز شہزاد حیدر اور رضوان احمد نے حیدرآباد کی اننگ کو سنبھالا اور نسبتاَ سست مگر جم کر بلے بازی کی. خصوصاَ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شہزاد حیدر نے انتہائی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 43 گیندوں پر 42 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی رضوان احمد 48 گیندوں پر 30 رنز بنا سکے. دونوں بلے بازون کے درمیان 51 رنز کی اہم ترین شراکت کا خاتمہ تجربکار اسپنر عبدالرحمن کے ہاتھوں ہوا. 63 کے مجموعی اسکور پر شہزاد کی رخصتی کے ساتھ ہی حیدرآباد کی ٹیم ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور مزید کوئی بلے باز زیادہ دیر حریف گیند بازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکا.

سرفراز احمد
سیالکوٹ اسٹالینز کے تیز گیند باز سرفراز احمد میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام وصول کر رہے ہیں (تصویر: Faysal Cricket)

سیالکوٹ کی جانب سے گیند بازی میں شاندار کار کردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حیدرآباد کے صرف دو ہی کھلاڑی انفرادی اسکور کر دوہرے ہندسے میں داخل کر سکے جبکہ تین ہاکس بلے باز بغیر کوئی رنز بنائے شکار ہوئے. اسٹالینز گیند بازوں کی اس زبردست کارکردگی کے باعث ہاکس کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 96 رنز تک محدود رہی.

جواب میں اسٹالینز کی جانب سے شعیب ملک اور فیصل نوید نے اننگ کا آغاز کیا. دونوں بلے بازوں نے ایک اچھا اور مستحکم آغاز فراہم کرتے ہوئے انتہائی برق رفتار سے ہدف کا تعاقب کیا. پاکستان قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ماضی کی طرح اس بار بھی اپنی ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا اور 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی دلکش اننگ تراشی. اسٹالینز کے دوسرے اوپنگ بلے باز فیصل نوید نے بھی اپنے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا. حیدرآباد کو واحد کامیابی 13 ویں اوور میں ناصر اویس کے ہاتھوں نصیب ہوئی تاہم اس وقت تک میچ پوری طرح ہاکس کی گرفت سے نکل چکا تھا. نئے آنے والے بلے باز شاہد یوسف نے فیصل نوید کے ساتھ مل کر 17 ویں اوور میں ہی ٹیم کو 9 وکٹ سے فتحیاب کروا دیا.

اسٹالینز کے رکن سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 4 ہاکس شکار کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا. سیالکوٹ کی جانب سے رضا حسن نے بھی عمدہ گیند بازی کی اور 3 ہاکس بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا.

فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی 2011ء میں حیدرآباد کا سفر تو تمام ہوا تاہم اب بھی گروپ سی کے بہترین ٹیم کا انتخاب باقی ہے جس کا فیصلہ کل لاہور لائنز اور سیالکوٹ اسٹالینز کے مابین جیت کی جنگ سے ہوگا. دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ کوارٹر فائنل کی حیثیت رکھتا ہے کیوں کہ اس مقابلے میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم ہی سیمی فائنل میں جگہ بنائے سکے گی.

(اسکور کارڈ کچھ دیر بعد ملاحظہ کریں)