سری لنکن بلے باز میچ بچانے میں کامیاب، لارڈز ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم

1 1,157

سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میچ کی غلطی اس مرتبہ نہیں دہرائی اور انگلش باؤلرز کا جم کر مقابلہ کیا اور یوں لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہو گیا۔

رنز کے ہدف تک پہنچنا تو سری لنکا کے بس میں نہ تھا کیونکہ اتنے اوورز ہی نہ بچے تھے، اس لیے اس کے پاس واحد موقع میچ کو برابری کی جانب لے کر جانا تھا۔ انگلستان کے باؤلرز گزشتہ میچ کی شاندار کارکردگی کو دہرانے کی تمنا لیے میدان میں اترےلیکن اس مرتبہ سری لنکا نے پچھلی غلطیوں کو نہیں دہرایا اور جب پانچویں روز کھیل کا اختتام ہوا تو 127 رنز پر اس کی محض تین وکٹیں ہی گری تھیں۔

تلکارتنے دلشان بدقسمتی سے ڈبل سنچری تو مکمل نہ کر سکے، لیکن اس میچ بچاؤ اننگ پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ضرور ملا

لارڈز ٹیسٹ بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد سیریز میں انگلستان کو اب ناقابل شکست برتری حاصل ہو گئی ہے کیونکہ اب سیریز میں محض ایک ٹیسٹ میچ باقی بچا ہے جس میں ہارنے کی صورت میں بھی وہ سیریز بچانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ البتہ دونوں ٹیسٹ میچز میں جس طرح کی کارکردگی دکھائی ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ بہرصورت سیریز جیتنے کی کوشش کرے گا اور اس کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دے گا۔

لارڈز میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پہلے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 22 رنز پر انگلستان کے ابتدائی تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے کے بعد لگتا تھا سری لنکا پچھلے میچ کی شکست کے تمام بدلے چکا دے گا لیکن اوپنر ایلسٹر کک اور این بیل کے درمیان چوتھی وکٹ پر 108 رنز کی شراکت انگلستان کو میچ میں واپس لے آئی۔ این بیل نے 52 رنز بنائے جبکہ کک نے اگلے بلے باز ایون مورگن کے ساتھ مل کر اسکور میں مزید 71 رنز کا اضافہ کیا اور بدقسمتی سے سنچری سے محض4 رنز کے فاصلے پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 164 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے۔ مرد بحران جانے جانے والے مورگن نے وکٹ کیپر میٹ پرائیر کے ساتھ مل کر اسکور میں مزید 101 رنز کا اضافہ کیا۔ اب سری لنکا کے لیے پریشان کن مرحلہ آ گیا تھا کیونکہ انگلستان 302 رنز بنا چکا تھا اور اب ان کو ضرورت تھی کہ جلد از جلد حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگا کر میچ پر گرفت دوبارہ مضبوط کریں لیکن میٹ پرائیر ان کی راہ میں سب سے بڑا پتھر تھے۔ انہوں نے پہلے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلستان کا اسکور 342 رنز تھا۔

دوسرے روز انگلستان نے اس سلسلے کو مزید جاری رکھا بلکہ پرائیر اور براڈ انگلستان کو انتہائی مضبوط پوزیشن پر لے آئے۔ اس میں اہم ترین کردار پرائیر کی ساتویں وکٹ پر باؤلر اسٹورٹ براڈ کے ساتھ 108 رنز کی شاندار شراکت تھی۔ میٹ پرائیر نے محض 107 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ دوسرے اینڈ پر براڈ نے ایک روزہ کرکٹ کے انداز کی تیز اننگ کھیلی جس میں انہوں نے 9 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ تیز رفتاری سے رنز بننے اور وکٹ نہ گرنے کے باعث انگلش ٹیم کے اعتماد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اور جب 410 رنز پر براڈ پویلین واپس گئے اس کے بعد بھی آخر کے تین بلے بازوں نے پرائیر کے ساتھ مل کر اسکور میں مزید 76 رنز کا اضافہ کیا۔ یوں انگلستان کی پہلی اننگ 486 رنز کے ہمالیہ جیسے مجموعے پر ختم ہوئی۔

سری لنکا کی جانب سے چناکا ویلیگیدرا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین وکٹیں سورنگا لکمل کو ملیں۔ رنگانا ہیراتھ نے دو اور دلہارا فرنانڈو نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں سری لنکا نے آغاز ہی کاری وار کے ساتھ کیا۔ اوپنرز تھارنگا پرناوتنا اور کپتان تلکارتنے دلشان نے ڈبل سنچری شراکت کے ذریعے انگلش عمل کا بھرپور ردعمل دکھایا۔ بدقسمتی سے دلشان اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کر پائے اور محض 7 رنز کے فاصلے پر لڑکھڑا گئے۔ پرناوتنا نے 65 رنز بنائے جبکہ دیگر اہم بلے بازوں میں مہیلا جے وردھنے 49، پرسنا جے وردھنے 40 اور رنگانا ہیراتھ 26 رنز شامل تھے۔ سری لنکا نے انگلستان کے 486 رنز کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پہلی اننگ میں 479 رنز بنائے اور یوں 7 رنز کے معمولی سے خسارے میں گیا۔

انگلستان کی جانب سے 4 وکٹیں اسٹیون فن کو ملیں جبکہ گریم سوان نے تین، گزشتہ میچ کے ہیرو کرس ٹریملٹ نے 2 اور اسٹورٹ براڈ نے 1 وکٹ حاصل کیں۔

ایلسٹر کک بدقسمتی سے پہلی اننگ میں تو سنچری مکمل نہ کر سکے لیکن دوسری اننگ میں انہوں نے شاندار سنچری بنائی۔ یہ 9 میچز میں ان کی چھٹی سنچری تھی۔

انگلستان نے 7 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگ کا آغاز کیا تو اسے پہلے ہی اوور میں کپتان اینڈریو اسٹراس کی وکٹ گنوانا پڑی جو بغیر کوئی رن بنائے ویلیگیدرا کی گیند پر وکٹوں کے سامنے دھر لیے گئے۔ تاہم ایلسٹر کک نے پہلی اننگ کے شاندار سلسلے کو دوسری اننگ میں بھی جاری رکھا اور اس مرتبہ نروس نائنٹیز کا شکار نہیں ہوئے انہوں نے جوناتھن ٹراٹ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ پر 117 رنز جوڑے اور اپنی کیریئر کی 18 ویں سنچری مکمل کی۔
دوسری اننگ میں انگلستان نے اننگ ڈکلیئر کرنے میں بہت زیادہ دیر کر دی۔ اہم وجہ کئی مرتبہ بارش کی وجہ سے میچ کا متاثر ہونا بھی تھا لیکن اگر انگلستان اپنے باؤلرز کو حریف ٹیم کے ٹھکانے لگانے کے لیے مزید اوورز دے دیتا تو ہو سکتا ہے کہ کھیل کا نتیجہ برآمد ہو جاتا۔ بہرحال، ایلسٹر کک کے 106 رنز کے علاوہ ان فارم جوناتھن ٹراٹ (58) اور این بیل (57) کے علاوہ اس مرتبہ کیون پیٹرسن نے بھی 72 رنز بنا ڈالے جو گزشتہ کئی میچز میں ناقص بلے بازی کے باعث شدید تنقید کی زد میں تھے۔

تاہم پہلی اننگ میں اپنی بلے بازی کے جوہر دکھانے والے میٹ پرائیر دوسری اننگ میں رن آؤٹ ہو گئے اور اپنا غصہ انہوں نے ڈریسنگ روم کی کھڑکی پر نکالا۔ ٹوٹی کھڑکی سےگرنے والا شیشہ نیچے بیٹھی ایک خاتون کا ہاتھ زخمی ہونے کا سبب بنا جس پر پرائیر کو بعد ازاں معذرت بھی کرنا پڑی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے چند اوورز کے بعد انگلستان نے 335 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگ ڈکلیئر کر دی اور سری لنکا کو فتح کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا۔ جبکہ 58 اوورز کا کھیل ابھی باقی تھا۔

لیکن لارڈز کی پانچویں دن کی پچ پر محض 58 اوورز میں اتنے بڑے ہدف کا حصول ایک ناممکن امر تھا۔ اگر کچھ ممکنات میں سے تھا تو وہ یہ کہ سری لنکا پچھلے میچ کی طرح انگلش باؤلنگ کے سامنے ڈھیر ہو جائے اور وہ ایک اور یادگار فتح حاصل کر لے۔ لیکن اس مرتبہ سری لنکا نے ایسا نہیں ہونے دیا اور یوں میچ کو بچانے میں کامیاب ہو گیا۔ اس صورتحال میں کہ گزشتہ اننگ کے ہیرو کپتان دلشان انگوٹھے میں چوٹ کے باعث بیٹنگ کرنے میدان میں نہیں آئے، یہ سری لنکا کے لیے اور زیادہ مشکل ہدف تھا جن کے صرف 4 مرکزی فٹ بلے باز ہی موجود تھے۔ دوسری اننگ میں اوپنر پرناوتنا 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ مہیلا جے وردھنے نے 25 رنز بنائے۔

سری لنکا کی گرنے والی تین وکٹیں جوناتھن ٹراٹ، ٹریملٹ اور براڈ نے حاصل کیں۔

دلشان کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 16 جون سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا۔ جس میں جیت کر سری لنکا سیریز برابر کر سکتا ہے جبکہ انگلستان کے لیے اپنے فتوحات کے سلسلے برقرار رکھنے کے لیے اس میچ کو ڈرا کر دینا ہی کافی ہوگا۔

انگلستان بمقابلہ سری لنکا

این پاور ٹیسٹ سیریز، دوسرا ٹیسٹ، لارڈز، لندن، انگلستان

3تا 7 جون 2011ء

نتیجہ: میچ بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم

مین آف دی میچ: تلکارتنے دلشان

انگلستان پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
اینڈریو اسٹراس ایل بی ڈبلیو ب ویلیگیدرا 4 12 1 0
ایلسٹر کک ک مہاروف ب فرنانڈو 96 164 15 0
جوناتھن ٹراٹ ایل بی ڈبلیو ب لکمل 2 9 0 0
کیون پیٹرسن ک دلشان ب لکمل 2 8 0 0
این بیل ک پرناوتنا ب ویلیگیدرا 52 106 8 0
این مورگن ایل بی ڈبلیو ب لکمل 79 128 10 2
میٹ پرائیر ب ہیراتھ 126 131 19 0
اسٹورٹ براڈ ایل بی ڈبلیو ب ویلیگیدرا 54 51 9 0
گریم سوان ک پرناوتنا ب ویلیگیدرا 4 5 1 0
کرس ٹریملٹ ناٹ آؤٹ 24 41 3 0
اسٹیون فن ب ہیراتھ 19 32 4 0
فاضل رنز ب 3، ل ب 7، و 4، ن ب 10 24
کل رنز آل آؤٹ، 112.5 اوورز 486 رنز

 

سری لنکا باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
چناکا ویلیگیدرا 28 4 122 4
سورنگا لکمل 25 2 126 3
پرویز مہاروف 17 5 57 0
دلہارا فرنانڈو 17 2 77 1
رنگانا ہیراتھ 18.5 1 64 2
تلکارتنے دلشان 7 1 30 0

 

سری لنکا پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
تھارنگا پرناوتنا ک اسٹراس ب فن 65 184 10 0
تلکارتنے دلشان ب فن 193 253 20 2
کمار سنگاکارا ک پرائیر ب ٹریملٹ 26 93 4 0
مہیلا جے وردھنے ک کک ب فن 49 84 8 0
تھیلان سماراویرا ک پرائیر ب ٹریملٹ 9 42 0 0
پرسنا جے وردھنے ک سوان ب فن 40 64 5 1
پرویز مہاروف ایل بی ڈبلیو ب براڈ 2 14 0 0
رنگانا ہیراتھ اسٹمپ پرائیر ب سوان 26 33 2 1
دلہارا فرنانڈو ک اسٹراس ب سوان 5 7 1 0
سورنگا لکمل ناٹ آؤٹ 0 9 0 0
چناکا ویلیگیدرا ک براڈ ب سوان 6 9 0 0
فاضل رنز ب 25، ل ب 23، و 8، ن ب 2 58
کل رنز آل آؤٹ، 131.4 اوورز 479 رنز

 

انگلستان باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
اسٹورٹ براڈ 32 5 125 1
کرس ٹریملٹ 30 8 85 2
اسٹیون فن 33 8 108 4
گریم سوان 32.4 5 101 3
کیون پیٹرسن 4 0 12 0

 

بھارت دوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
اینڈریو اسٹراس ایل بی ڈبلیو ب ویلیگیدرا 0 2 0 0
ایلسٹر کک اسٹمپڈ پرسنا جے وردھنے ب ہیراتھ 106 231 10 0
جوناتھن ٹراٹ ب ہیراتھ 58 75 9 0
کیون پیٹرسن ب ہیراتھ 72 124 7 0
این بیل ناٹ آؤٹ 57 43 8 0
این مورگن ک لکمل ب فرنانڈو 4 3 1 0
میٹ پرائیر رن آؤٹ 4 2 0 0
اسٹورٹ براڈ ک پرسنا جے وردھنے ب فرنانڈو 3 7 0 0
فاضل رنز ل ب 12، و 1، ن ب 18 31
کل رنز 7 وکٹوں کے نقصان پر؛ 78.1 اوورز میں 335 رنز

 

سری لنکا باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
چناکا ویلیگیدرا 10 1 50 1
سورنگا لکمل 17 0 70 0
پرویز مہاروف 7 0 24 0
دلہارا فرنانڈو 20.1 2 92 2
رنگانا ہیراتھ 24 2 87 3

 

سری لنکا دوسری اننگز (ہدف 343 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
تھارنگا پرناوتنا ایل بی ڈبلیو ب ٹراٹ 44 86 6 0
کمار سنگاکارا ک مورگن ب ٹریملٹ 12 13 2 0
مہیلا جے وردھنے ک پیٹرسن ب براڈ 25 71 4 0
تھیلان سماراویرا ناٹ آؤٹ 17 58 1 0
پرسنا جے وردھنے ناٹ آؤٹ 12 31 2 0
فاضل رنز ب 7، ل ب 3، و 6، ن ب 1 17
کل رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر؛ 43 اوورز میں 127

 

انگلستان باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
کرس ٹریملٹ 9 1 31 1
اسٹورٹ براڈ 9 2 29 1
گریم سوان 12 2 19 0
اسٹیون فن 8 2 31 0
جوناتھن ٹراٹ 4 1 5 1
کیون پیٹرسن 1 0 2 0