انگلستان نے بحیثیت وکٹ کیپر جوس بٹلر کو طلب کرلیا

0 1,048

انگلستان نے بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے و اہم ترین ٹیسٹ کے لیے توقعات کے عین مطابق وکٹ کیپر جوس بٹلر کو طلب کرلیا ہے۔

جوس بٹلر محدود اوورز کے مقابلوں میں انگلش ٹیم کا مستقل حصہ ہیں (تصویر: Getty Images)
جوس بٹلر محدود اوورز کے مقابلوں میں انگلش ٹیم کا مستقل حصہ ہیں (تصویر: Getty Images)

27 جولائی سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے جس 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، اس میں میٹ پرائیر کی جگہ وکٹ کیپنگ کے فرائض بٹلر کو دیے جائیں گے جو عرصے سے محدود اوور زکے مقابلوں میں یہ ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔ 33 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلنے والے بٹلر کا یہ پہلا ٹیسٹ ہوگا۔ لنکاشائر کی جانب سے کھیلنے والے بٹلر گزشتہ ایک ماہ میں فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 4 نصف سنچریاں جڑ چکے ہیں، اس لیے بہترین بیٹنگ فارم میں بھی ہیں اور وکٹوں کے پیچھے بھی کافی متحرک ہیں۔

انگلش دستے میں وکٹ کیپر کی جگہ میٹ پرائیر کے اچانک سیزن سے دستبردار ہوجانے کے اعلان کے بعد خالی ہوئی۔ پرائیر نے لارڈز میں بھارت کے ہاتھوں انگلستان کی شکست کے بعد گزشتہ روز اعلان کیا کہ وہ اپنی انجریز کی وجہ سے انگلستان کی جانب سے مزید نہیں کھیل پائیں گے۔ ان کی اچانک روانگی اور ایلسٹر کک کو قیادت سے ہٹائے جانے کے دباؤ کی وجہ سے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان تاخیر سے کیا گیا، جس میں واحد تبدیلی پرائیر کی جگہ بٹلر کی شمولیت ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے بھی ایلسٹر کک ہی کی قیادت پر اعتماد کیا ہے گو کہ وہ اس وقت سابق کپتانوں اور ماہرین کی سخت تنقید کی زد میں ہیں اور جیفری بائیکاٹ کے علاوہ ناصر حسین بھی ان کو فوری طور پر ہٹائے جانے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

ہوسکتا ہے کہ انگلستان فائنل الیون میں وکٹ کیپر کے علاوہ بھی ایک، دو تبدیلیاں لائے خاص طور پر بین اسٹوکس کے سیریز میں مسلسل تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوجانے کے بعد اب ان کی جگہ کو خطرہ ہے۔ دیکھتے ہیں کہ اگلے اتوار کو ایجس باؤل میں جوانگلش ٹیم میدان میں اترے گی، وہ کن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ 13 رکنی دستہ:

ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، این بیل، بین اسٹوکس، جو روٹ، جوس بٹلر، جیمز اینڈرسن، سام روبسن، کرس جارڈن، کرس ووکس، گیری بیلنس، لیام پلنکٹ اور معین علی۔