آسٹریلیا کی عالمی چیمپئن جیسی کارکردگی، پہلا معرکہ سر کرلیا

0 1,061

میتھیو ویڈ کے شاندار 71 رنز اور پھر گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے انگلستان کے خلاف پہلے ایک روزہ مقابلے میں باآسانی 59 رنز سے کامیابی حاصل کرلیا۔ 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلستان 45.2 اوورز میں محض 246 رنز پر ہی سمٹ گیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا کو پانچ مقابلوں کی سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور جو برنس نے ٹیم کو اچھی شروعات دلائی اور پہلی وکٹ کے لیے 76 رنز کی شراکت دی۔ برنس کے 44 کے انفرادی اسکور پر عادل رشید کے ہاتھوں آؤٹ ہو جانے کے بعد وارنر نے کپتان اسٹیون اسمتھ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے مزید 57 رنز کا اضافہ کیا۔ وارنر 67 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کے دوسرے شکار بنے۔ آسٹریلیا تیزی سے بڑے اسکور کی جانب بڑھ رہا تھا لیکن یکے بعد دیگرے اُس کی چار وکٹیں گر گئیں، اور جو آسٹریلیا 133 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ موجود تھا، اس کی 6 وکٹیں صرف 193 رنز کے اسکور پر ضائع ہوچکی تھیں۔ جارج بیلی، گلین میکس ویل اور شین واٹسن بالترتیب صرف 23، 15 اور محض 6 رنز بناسکے۔

یہاں ایسا لگ رہا تھا کہ انگلستان بقیہ چار وکٹیں بھی جلد گرا کر آسٹریلیا کو 250 سے پہلے محدود کر دے گا، لیکن میتھیو ویڈ اور مچل مارش نے بہترین بلے بازی کے مظاہرے سے انگلستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز کی ناقابلِ شکست رفاقت جوڑی اور یوں کُل اسکور کو 305 رنز تک پہنچا گئے۔ میتھیو ویڈ شین واٹسن کے رن آؤٹ کی وجہ بنے تھے، لیکن اُنہوں نے 50 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے اہم 71 رنز بنا کر اس غلطی کا ازالہ کردیا۔ انگلینڈ کی جانب سے اسپنر عادل رشید نے 59 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

306 رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلستان کا آغاز بھی اچھا رہا تھا۔ جیسن روئے 11 چوکوں کی مدد سے 67 رنز نے ایلکس ہیلس ، 22رنز، کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کے لیے 70 رنز بنائے۔ بعد ازاں، رائے اور جیمز ٹیلر نے بھی اچھی بلے بازی کی اور دونوں اسکور کو 112 تک لے گئے۔ لیکن جیسے ہی گلین میکس ویل نے جیسن روئے کو آؤٹ کیا، مہمان ٹیم کی رنز کی رفتار پر روک لگ گئی۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کوئی اہم کارکردگی نہیں دکھا پایا۔ کپتان ایون مورگن نے سست رفتاری سے 78 گیندوں کا سامنا کر کے 38 رنز بنا کر کچھ سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن اس کا ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہیں چھوڑ کر کوئی دوسرا بلے باز 20 رنز تک بھی نہ پہنچ پایا، اور پوری ٹیم 45.3 اوورز میں 246 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کولٹر-نائل اور شین واٹسن دونوں نے 39 رنز دے کر دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز کے نصیب میں بھی دو، دو وکٹیں رہیں۔

آسٹریلیا اور انگلستان کے درمیان ہونے والی اس پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ 5 ستمبر کو لارڈز کے میدان میں کھیلا جائے گا۔