بارش نے انگلستان کو نمبر ایک پوزیشن سے محروم کر دیا

0 1,027

برمنگھم کی بارشوں نے آسٹریلیا کی سیریز میں واپس آنے کی امیدوں کے چراغوں کو گل کر دیا ہے اور اب انگلستان، جو ابتدائی دونوں ایک روزہ مقابلے جیت چکا ہے، کو سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہو چکی ہے اور چیسٹر لی اسٹریٹ اور مانچسٹر میں ہونے والے آخری دو مقابلوں میں شکست بھی آسٹریلیا کو سیریز نہیں جتوا سکتی۔ لیکن اس بارش کا انگلستان کو بھی ایک بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ وہ یہ کہ اسے ایک روزہ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کے لیے آسٹریلیا کو تمام پانچوں مقابلوں میں ہرانا تھا، جوا ب ممکن نہیں رہا۔

ایجبسٹن کے عملے کی مسلسل کوششیں بھی بارآور ثابت نہ ہو سکیں (تصویر: Getty Images)
ایجبسٹن کے عملے کی مسلسل کوششیں بھی بارآور ثابت نہ ہو سکیں (تصویر: Getty Images)

ایجبسٹن میں طے شدہ تیسرے ایک روزہ مقابلے میں شدید بارشوں کے باعث ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی۔ تمام دن پچ کو ڈھانکنے اور کھولنے کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش کبھی بہت زیادہ زیادہ تیز ہو جاتی، کبھی ہلکی پھلکی اور کبھی بالکل ہی تھم جاتی لیکن اس سے پہلے کو میدان کو کھیلنے کے قابل بنایا جاتا، بادل دوبارہ شہر کو گھیر لیتے اور آنکھ مچولی کا یہ سلسلہ چلتا رہا یہاں تک مقامی وقت کے مطابق 6 بجے امپائروں نے میچ کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

اب دونوں ٹیمیں 7 جولائی کو چیسٹر لی اسٹریٹ میں چوتھا ایک روزہ مقابلہ کھیلیں گی جہاں آسٹریلیا کو سیریز میں شکست سے بچنے کے لیے لازماً فتح حاصل کرنا ہوگی۔ گو کہ برمنگھم کی بارش نے اس کی عالمی نمبر ایک پوزیشن بچا لی ہے لیکن اگر وہ آخری دونوں ایک روزہ مقابلے ہار گیا تو جنوبی افریقہ اور اس کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق رہ جائے گا۔