متنازع کیچ پکڑنے کا خمیازہ، رام دین پر دو میچز کی پابندی

1 1,065

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر دنیش رام دین کو کرکٹ کی روح کے منافی حرکت پر دو ایک روزہ مقابلوں کی پابندی اور 100 فیصد میچ فیس کے جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔ 7 جون کو اوول میں ہونے والے پاک-ویسٹ انڈیز میچ میں دنیش رام دین نے حریف کپتان مصباح الحق کا ایک ایسا کیچ پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بارے میں بعد میں واضح ہوا کہ زمین پر گر گیا تھا۔

دنیش رام دین وہ دیدہ دلیری دکھائی کہ مصباح بھی الٹے قدموں پویلین لوٹنے لگے، یہاں تک کہ امپائر نے انہیں روکا اور تیسرے امپائر سے رجوع کیا (تصویر: Getty Images)
دنیش رام دین وہ دیدہ دلیری دکھائی کہ مصباح بھی الٹے قدموں پویلین لوٹنے لگے، یہاں تک کہ امپائر نے انہیں روکا اور تیسرے امپائر سے رجوع کیا (تصویر: Getty Images)

جمعے کو اوول میں ہونے والے مقابلے میں رام دین نے اس وقت بائیں جانب جست لگا کر ایک کیچ تھاما تھا، جب مصباح الحق صفر پر کھڑے تھے۔ امپائر کی جانب سے انہیں آؤٹ بھی قرار دیا گیا لیکن پھر شبہ کی بنیاد پر تیسرے امپائر سے رابطہ کیا گیا۔ ری پلے میں صاف ظاہر تھا کہ گیند پکڑنے کے بعد جب رام دین اٹھے ہیں تو انہوں نے گیندکو زمین سے اٹھایا ہے۔

اس حرکت پر امپائروں اسٹیو ڈیوس اور نائجل لوںگ اور تیسرے و چوتھے امپائر ٹونی ہل اور رچرڈ کیٹل بورو کی توجہ پر میچ ریفری کرس براڈ نے سوموار کو رام دین کو طلب کیا اور سماعت کے بعد ان پر دو میچز کی پابندی عائد کی اور ساتھ ساتھ 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ بھی لگایا۔

رام دین کو آئی سی سی کے کھلاڑیوں کے لیے ضابطہ اخلاق کی شق 2.2.11 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تھا، جس کے مطابق "ایسی حرکت کرنا جو کھیل کی روح کے خلاف ہو" پر کارروائی کی جاتی ہے۔

کرس براڈ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ کرکٹ کی روح کے مطابق ذمہ دارانہ کھیل کی صریح خلاف ورزی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ رام دین نے اس واقعے سے بہت کچھ سیکھا ہوگا اور ہم مستقبل میں ان کی جانب سے اور کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے ایسا رویہ نہیں دیکھیں گے۔

آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق رام دین کے بعد 24 گھنٹو ں کے اندر فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہوگا اور جب تک اس اپیل کا فیصلہ سامنے آئے، تب تک ان کے اوپر سزا لاگو ہوگی۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رام دین منگل کو بھارت کے خلاف میچ تو کسی صورت نہیں کھیل پائیں گے۔

یاد رہے کہ رام دین ماضی میں بھی ایک تنازع کی زد میں آ چکے ہیں جب انہوں نے گزشتہ سال دورۂ انگلستان میں سنچری بنانے کے بعد اپنی جیب سے ایک پرچہ نکال کر لہرایا، جس پر ماضی کے عظیم کھلاڑی ویوین رچرڈز کے خلاف جملہ لکھا تھا۔ رام دین ویوین کی جانب سے خود پر ہونے والی تنقید پر دلبرداشتہ ہوئے تھے اور اس حرکت کے مرتکب ہوئے تاہم بعد ازاں انہوں نے اس حرکت پر معافی مانگ لی۔