دوسرا کوارٹر فائنل، سہواگ کی شمولیت کا فیصلہ مؤخر

بھارت نے اپنے اہم ترین بلے باز وریندر سہواگ کی آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں شمولیت کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے اور امکان ہے کہ یہ فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔
وریندر سہواگ گھٹنے کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری گروپ میچ میں حصہ نہیں لے پائے تھے۔ البتہ انہوں نے بدھ کو ٹیم کے تربیتی سیشن میں حصہ لیا۔

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین عالمی کپ 2011ء کا دوسرا کوارٹر فائنل احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم 30 مارچ کو پی سی اے اسٹیڈیم، موہالی میں پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گی۔
سہواگ عالمی کپ کے آغاز سے اب تک اپنے گھٹنے کے مسئلے کے باعث پریشان رہے ہیں لیکن ان کا موجودہ مسئلہ درد کا خاتمہ کرنے والے ایک انجکشن کے استعمال کے بعد ردعمل کے نتیجے میں گھٹنے میں ہونے والی سوجن ہے۔ یہ انجکشن انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد لگوایا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سہواگ کا اوسط صرف 22.65 ہے اور گزشتہ 10 مقابلوں میں وہ ان کے خلاف نصف سنچری بھی اسکور نہیں کر پائے۔