سری لنکا پریمیئر لیگ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

2 1,037

سری لنکا پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق لیگ 19جولائی سے 4 اگست تک کھیلی جائے گی۔

18 روزہ لیگ میں 7 صوبوں کی ٹیموں کے درمیان 24 میچز کھیلے جائیں گے جودنیا بھر میں نشر کیے جائیں گے۔ ممکنہ طور پر یہ تمام مقابلے کولمبو کے راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

سری لنکا پریمیئر لیگ کی ہر ٹیم میں صرف 5 غیر ملکی کھلاڑیوں کی گنجائش ہوگی جن میں سے ایک وقت میں صرف 4 کو “کھلایا جا سکتا ہے۔ متعدد بین الاقوامی کھلاڑی پہلے ہی سری لنکا کرکٹ لیگ کے ساتھ معاہدہ کر چکے ہیں جن میں پاکستان کے شاہد آفریدی، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور کیرون پولارڈ اور جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز شامل ہیں۔

دیگر اہم کھلاڑیوں میں پاکستان کے شعیب اختر، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، عبد الرزاق، عمر گل اورجارحانہ بلے باز عمر اکمل شامل ہوں گے۔ ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری اور آئرلینڈ کے کیون او برائن بھی سری لنکن لیگ میں جلوہ گر ہوں گے۔

سری لنکا کرکٹ نے ان ٹیموں کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے جو یہ ہیں: باسناہیرا بیئرز، کندوراتا کائٹس، ناگناہیرا ناگاز، روہونا رائنوز، اوتھورا اوریکسز، یووا یونیکورنز اور وایامبا وولفز۔