چناسوامی اسٹیڈیم، بنگلور

0 1,127

بھارت کے ہائی ٹیک سٹی بنگلور کا چناسوامی اسٹیڈیم بھارت کے معروف میدانوں میں سے ایک ہے۔ یہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر ایم چناسوامی کے نام سے موسوم ہے۔ 50 ہزار سے زائد نشستوں کی گنجائش کا حامل یہ میدان ریاستی کرناٹک کرکٹ ٹیم اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کا گھر ہے۔

اس میدان میں مصنوعی روشنی میں کھیلا گیا پہلا میچ 1996ء کے عالمی کپ کا یادگار کوارٹر فائنل تھا جو پاکستان اور بھارت کے درمیان اسی میدان میں کھیلا گیا تھا۔ اس سے قبل یہ اسٹیڈیم 1987ء کے عالمی کپ میں بھی ایک میچ کی میزبانی کر چکا ہے۔

یادگار لمحات

مارچ 2005ء میں یہاں کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے یونس خان نے 267 رنز کی یادگار اننگ کھیلی جو اس میدان پر کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

پاکستان کے لیے یہ ایک یادگار میدان ہے جہاں کھیلے گئے 5 ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان آج تک کوئی نہیں ہارا۔ 2 میں فتح نے اس کے قدم چومے اور تین بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

پاکستان نے یہاں صرف دو ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے ہیں۔ پاکستان کی ایک کڑوی یاد بھی اس میدان سے وابستہ ہے یعنی عالمی کپ 1996ء کا کوارٹر فائنل۔ البتہ یہاں 1999ء میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی۔

عالمی کپ 2011ء

2011ء کے عالمی کپ میں اس میدان کو چار میچز کی میزبانی سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سے چھینا گیا مقابلہ بھی بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مقابلوں کی مزید تفصیل درج ذیل ہے۔

گروپ بی : بھارت بمقابلہ انگلستان - 27 فروری پروز اتوار
گروپ بی : انگلستان بمقابلہ آئرلینڈ – 2 مارچ بروز بدھ
گروپ بی : بھارت بمقابلہ آئرلینڈ – 6 مارچ بروز اتوار
گروپ اے : آسٹریلیا بمقابلہ کینیا – 13 مارچ بروز اتوار
گروپ اے : آسٹریلیا بمقابلہ کینیڈا – 16 مارچ بروز بدھ