کرس گیل کی "روایتی" اننگز، سری لنکا چاروں شانے چت

0 1,146

اس وقت دنیا کے جارح مزاج ترین بلے بازوں میں سے ایک کرس گیل کا بلّا کافی دنوں سے خاموش تھا، لیکن سبائنا پارک، جمیکا میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں پوری گھن گرج کے ساتھ سری لنکن باؤلرز پر برسا اور یوں ویسٹ انڈیز نے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ باآسانی 6 وکٹوں سے جیت لیا۔

کرس گیل نے سری لنکن باؤلنگ لائن اپ کی قلعی کھول کر رکھ دی (تصویر: AFP)
کرس گیل نے سری لنکن باؤلنگ لائن اپ کی قلعی کھول کر رکھ دی (تصویر: AFP)

حالیہ چیمپئنز ٹرافی سے مایوس کن انداز میں باہر ہونے کے باوجود سہ فریقی ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز بھرپور اعتماد کا حامل نظر آیا۔ خصوصاً کرس گیل کا فارم میں واپس آنا 'کالی آندھی' کے لیے نیک شگون ہے کیونکہ چیمپئنز ٹرافی میں گیل مکمل طور پر ناکام رہے اور انگلستان میں ایک بھی بڑی اننگز نہ کھیل پائے۔ لیکن جمیکا میں کرس گیل نے تمام کسریں نکال دیں اور جب تک وہ کریز پر موجود تھے، سری لنکن باؤلرز کو کہیں جائے پناہ نہ ملی اور 208 رنز کا مجموعہ بالکل ناکافی ثابت ہوا۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور باؤلرز خصوصاً سنیل نرائن کی عمدہ کارکردگی نے نہ صرف سری لنکا کے بلے بازوں کو کھل کر رنز نہ لینے دیے بلکہ پے در پے وکٹیں گرنے سے ایک اچھے مجموعے تک پہنچنے کی راہ بھی بند کردی۔ 62 رنز کے عمدہ آغاز کے بعد معاملہ اس وقت ویسٹ انڈیز کے حق میں پلٹا جب 22 ویں اوور کی آخری گیند پر سنیل نرائن نے کمار سنگاکارا کو آؤٹ کیا، اس سے قبل نرائن دوسرے اہم ترین بلے باز مہیلا جے وردھنے کو بھی آؤٹ کر چکے تھے۔ یہیں سے سری لنکا کی اننگز کا زوال اس وقت شروع ہوا۔ کیونکہ آنے والے بلے بازوں میں صرف دنیش چندیمال اور اینجلو میتھیوز ہی دہرے ہندسے میں پہنچ سکے، باقی بلے بازوں کو تو یہ توفیق بھی نہ ملے۔ لاہیرو تھریمانے 6، نووان کولاسیکرا 2 اور جیون مینڈس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جن سے امید تھی کہ وہ میتھیوز کا ساتھ دیں گے۔ اگر کپتان اینجلو میتھیوز 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز نہ کھیلتے تو سری لنکا 200 رنز کے مجموعے تک بھی نہ پہنچ پاتا۔ مہیلا جے وردھنے 52 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

سنیل نرائن نے جے وردھنے اور سنگاکارا کی قیمتی وکٹیں حاصل کرکے ویسٹ انڈین فتح کی بنیاد رکھی (تصویر: AFP)
سنیل نرائن نے جے وردھنے اور سنگاکارا کی قیمتی وکٹیں حاصل کرکے ویسٹ انڈین فتح کی بنیاد رکھی (تصویر: AFP)

ویسٹ انڈیز کی جانب سے نرائن نے 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی رامپال نے 3، ڈیوین براوو نے 2 اور مارلون سیموئلز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کا آغاز بہت ہی شاندار تھا، خصوصاً کرس گیل کی تباہ کن بلے بازی سری لنکا کے رہے سہے امکانات کا بھی خاتمہ کر رہی تھی۔ سری لنکا کو اندازہ تھا کہ گیل کی زیادہ دیر کریز پر موجودگی، ان کے امکانات کو مزید ختم کردے گی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے جلد ہی اسپنرز کو گیند تھمائی لیکن کرس گیل نے بڑی نپی تلی اننگز کھیلی۔ ان کی قوت ارادی دیکھئے کہ جب انہوں نے ٹھان لیا کہ بلاوجہ خطرہ مول نہیں لینا تو انہوں نے بہت سوجھ بوجھ کے بعد بیٹنگ کی لیکن جب تہیہ کر لیا کہ اب رنز کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے تو کوئی سری لنکن باؤلر ان کی راہ میں روڑے اٹکاتا دکھائی نہیں دیا۔ 115 رنز کی اوپننگ شراکت داری نے ہی سری لنکا کے ارمان ٹھنڈے کر دیے۔ مزیدار بات یہ ہے کہ اس سنچری شراکت میں دوسرے اینڈ پر کھڑے جانسن چارلس کا حصہ محض 29 رنز کا تھا۔ جب کرس گیل اپنی 21 ویں ون ڈے سنچری بنانے کے بعد 109 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز فتح سے محض 28 رنز کے فاصلے پرتھا۔ کرس گیل کی 100 گیندوں پر مشتمل اس اننگز میں 7 زبردست چھکے اور 9 چوکے شامل تھے اور یہی کارکردگی ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دینے کے لیے کافی تھی۔

38 ویں اوور میں ہی ہدف کو حاصل کرلینے اور 6 وکٹوں کی واضح فتح نے ویسٹ انڈیز کو بونس پوائنٹ سے بھی نوازا ہے، جو ایک مشکل سیریز میں بہت قیمتی ثابت ہو سکتا ہے۔ کیونکہ ویسٹ انڈیز کا اگلا مقابلہ عالمی چیمپئن اور ان فارم بھارت سے ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں مایوس کن ناکامی کے بعد یہ شکست سری لنکا کے لیے لمحہ فکریہ ہے اور انہیں اپنے آئندہ مقابلے میں بہت سوچ سمجھ کر کارکردگی دکھانا ہوگی۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ سری لنکا

سیلکون موبائل کپ 2013ء، پہلا میچ

28 جون 2013ء

بمقام: سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا

نتیجہ: ویسٹ انڈیز 6 وکٹوں سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: کرس گیل

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک رامدین ب ڈیوین براوو 25 43 3 0
مہیلا جے وردھنے ک رامدین ب نرائن 52 52 7 0
کمار سنگاکارا ک پولارڈ ب نرائن 17 23 1 0
دنیش چندیمال ک ڈیوین براوو ب سیموئلز 21 37 1 1
اینجلو میتھیوز ناٹ آؤٹ 55 77 5 0
لاہیرو تھریمانے ک چارلس ب رامپال 6 19 1 0
نووان کولاسیکرا ک پولارڈ ب رامپال 2 6 0 0
جیون مینڈس ک سیموئلز ب نرائن 5 12 0 0
رنگانا ہیراتھ ک سیمی ب رامپال 4 8 0 0
لاستھ مالنگا ایل بی ڈبلیو ب نرائن 8 9 0 1
اجنتھا مینڈس ک چارلس ب ڈیوین براوو 2 5 0 0
فاضل رنز ب 5، ل ی 2، و 4 11
مجموعہ 48.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 208

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روچ 7 1 41 0
روی رامپال 10 0 38 3
ڈیرن سیمی 10 0 34 0
ڈیوین براوو 7.3 0 37 2
سنیل نرائن 10 0 40 4
مارلون سیموئلز 4 1 11 1

 

ویسٹ انڈیزہدف: 209 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
کرس گیل ک چندیمال ب اجنتھا مینڈس 109 100 9 7
جانسن چارلس ک جے وردھنے ب ہیراتھ 29 58 1 2
ڈیرن براوو رن آؤٹ 27 30 4 0
مارلون سیموئلز ناٹ آؤٹ 15 24 1 1
کیرون پولارڈ ایل بی ڈبلیو ب کولاسیکرا 0 4 0 0
ڈیوین براوو ناٹ آؤٹ 8 11 2 0
فاضل رنز ب 4، ل ب 7، و 10 21
مجموعہ 37.5اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 209

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 7 0 34 0
نووان کولاسیکرا 8 1 39 1
اجنتھا مینڈس 10 0 53 1
اینجلو میتھیوز 5 0 28 0
رنگانا ہیراتھ 6 0 37 1
جیون مینڈس 1.5 1 7 0