براوو عالمی کپ سے باہر؛ ویسٹ انڈیز پریشان

0 1,093

عالمی کپ 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات کو زبردست ٹھیس پہنچی ہے اور ان کے اہم ترین کھلاڑی آل راؤنڈر ڈیوائن براوو زخمی ہو کر چار ہفتوں کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران وہ گیند کرانے کے فورا بعد اسے پکڑنے کے لیے لپکے لیکن ان کا گھٹنا مڑ گیا جس کی بعد انہیں میدان سے باہر لے جا یا گیا۔ بعد ازاں ان کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد طبی عملے نے بتایا کہ وہ اب ایک ماہ تک کرکٹ کے میدان میں واپس نہیں پائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کو عالمی کپ سے قبل ہی کئی اہم کھلاڑیوں کی انجریز کے باعث زبردست نقصان پہنچا۔ جس کے باعث ان فارم اوپنر ایڈرین بارتھ اور فرسٹ چوائس وکٹ کیپر کارلٹن با ٹیم سے باہر ہو گئے تھے اور انہیں وطن واپس لوٹنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے براوو کے متبادل کھلاڑی کا نام ابھی تک پیش نہیں کیا گیا۔

ویسٹ انڈیز جنوبی افریقہ کے خلاف عالمی کپ 2011ء کا پہلا میچ ہار چکا ہے تاہم اگلے چند میچز میں وہ بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے خلاف میچز جیت کر کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ سکتا ہے۔ لیکن اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باعث اس کو ان ٹیموں کے خلاف بھی بہت جدوجہد کرنا پڑے گی کیونکہ نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور بنگلہ دیش نے اپنے ابتدائی میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔