بریڈ ہیڈن نے ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

0 1,058

عالمی چیمپئن اور عالمی نمبر ایک کی حیثیت سے ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہنے سے بہتر وقت کون سا ہوگا؟ آسٹریلیا کے بریڈ ہیڈن نے بھی ایسے ہی وقت کا انتخاب کیا ہے۔ 126 ایک روزہ مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کے بعد وکٹ کیپر بلے باز نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

بریڈ ہیڈن نے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے روانگی سے محض ایک روزہ قبل کہا ہے کہ مجھے ایک روزہ کرکٹ کھیلنے پر فخر ہے اور میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میں تین عالمی کپ کھیلا اور ایک ایسے وقت پر ایک روزہ کرکٹ چھوڑ رہا ہوں جب آسٹریلیا عالمی نمبر ایک بھی ہے اور عالمی چیمپئن بھی۔

37 سالہ ہیڈن نے ایک روزہ میں دو سنچریوں اور 16 نصف سنچریو ں کی مدد سے 3122 رنز بھی بنائے اور وکٹوں کے پیچھے 181 شکار بھی کیے، جو ان کی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔

ہیڈن نے اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز جنوری 2001ء میں زمبابوے کے خلاف کیا تھا اور 14 سالوں میں 31.53 کے اوسط سے 3 ہزار سے زیادہ رنز اسکور کیے۔ انہوں نے اپنی بہترین اننگز مارچ 2010ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جب 121 گیندوں پر 110 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ ہی کے خلاف وہ ایک سال قبل اپنی پہلی ایک روزہ سنچری بنا چکے تھے جس میں انہوں نے 109 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے 16 نصف سنچریاں بھی بنائیں جن میں بہترین اننگز بھی نیوزی لینڈ ہی کے خلاف تھی جب فروری 2009ء میں انہوں نے ناٹ آؤٹ 88 رنز بنائے۔

ہیڈن اب ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے اور ان کا اگلا امتحان ویسٹ انڈیز کا دورہ ہوگا جہاں 3 جون سے دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز شروع ہوگی۔