سری لنکا پریمیئر لیگ: بھارتی اور سری لنکن بورڈ کے درمیان نیا تنازع

1 1,086

بھارتی کرکٹ بورڈ "بی سی سی آئی" نے ان 12 کھلاڑیوں کی درخواست رد کردی ہے جنہوں نے سری لنکا کرکٹ لیگ 2011ء میں شرکت کے لیے اجازت طلب کی تھی۔ بی سی سی آئی کے مطابق سری لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد ایک نجی ادارے کے تحت کیا جارہا ہے جسے سری لنکا کرکٹ (بورڈ) کی معاونت حاصل نہیں۔ سری لنکا کرکٹ نے بی سی سی آئی کے موقف کو رد کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا پریمیئر لیگ کو بورڈ کی اجازت اور معاونت ہی سے منعقد کیا جارہا ہے۔

سری لنکا پریمیئر لیگ 2011ء پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں 19 جولائی سے 4 اگست تک جاری رہے گی

بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔ صدر شاشنگ منوہر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کسی نجی ادارے کے تحت منعقد ہونے والی لیگ میں شرکت کی اجازت دینا بورڈ کی پالیسی کے خلاف ہے لہٰذا گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھارتی کھلاڑی کو سری لنکا پریمیئر لیگ 2011ء میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بورڈ کی جانب سے جن کھلاڑیوں کی درخواست مسترد کی گئی ان میں منیش پانڈے، منوج تیواری، پال والتھٹی، روندر جدیجا، سوروبھ تیواری، امیش یادیو، ونے کمار، ونے کمار، یووراج سنگھ، یوسف پٹھان، مناف پٹیل، روی چندرن آشون شامل ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا کرکٹ نے بی سی سی آئی کے موقف کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ کرکٹ لیگ کو سری لنکا کرکٹ بورڈ کی مکمل اجازت حاصل ہے اور سنگاپور کے نجی ادارے سمرسیٹ وینچرز کو ٹورنامنٹ کے صرف تجارتی حقوق حاصل ہیں۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری نیشانتھ راناٹنگا نے کہا کہ سری لنکا پریمیئر لیگ بورڈ کے تحت منعقد کی جارہی ہے جس میں سمرسیٹ وینچرز ٹینڈر طریقہ کار کے ذریعے منتخب ہونے کے بعد معاونت کررہا ہے لہٰذا کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ لیگ کے مالکانہ حقوق سمرسیٹ کے پاس ہیں۔

تمام تر معاملات کو دیکھتے ہوئے موجودہ تنازع کی وجہ گزشتہ ماہ سری لنکا کرکٹ کی جانب سے آئی پی ایل میں شریک کھلاڑیوں کو واپس بلایا جانا محسوس ہورہا ہے۔ سری لنکا پریمیئر لیگ میں سمرسیٹ درحیقت وہی کام انجام دے رہی ہے جیسا کہ آئی ایم جی (IMG) بھارتی لیگ آئی پی ایل کے لیے انجام دیتی ہے۔ آئی پی ایل میں ہر ٹیم کے علیحدہ مالکانہ حقوق دیئے جانے کے برعکس اس لیگ کی 7 ٹیمیں سری لنکا کرکٹ کے تحت ہی کھیلیں گی تاہم اس کے باوجود لیگ پر بی سی سی آئی کا اعتراض دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان ایک نئے تنازع کی شروعات ہوسکتا ہے۔

یکم مئی کو سری لنکا کرکٹ کے اعلان کے مطابق لیگ میں 35 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے تاہم بی سی سی آئی کے اس فیصلہ سے سری لنکا پریمئر لیگ کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ سری لنکا پریمیئر لیگ 2011ء کا انعقاد سنگاپور کے نجی ادارے سمرسیٹ انٹرٹینمنٹ وینچرز اور سری لنکا کرکٹ مشترکہ طور پر کررہے ہیں۔ ٹی ٹونٹی مقابلوں پر مشتمل یہ لیگ 19 جولائی سے 4 اگست تک جاری رہے گی۔ اس لیگ میں 7 ٹیمیں راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ سلسلہ میں حصہ لیں گی۔