بنگلہ دیش نے مشفق سے کپتانی چھین لی، مشرفی نئے ون ڈے کپتان

0 1,013

بنگلہ دیش نے2014ء میں بدترین کارکردگی کے مظاہرے کے بعد مشفق الرحیم سے ایک روزہ ٹیم کی کپتانی چھین لی ہے۔ وہ زمبابوے کے آئندہ دورۂ بنگلہ دیش میں صرف ٹیسٹ قیادت کریں گے جبکہ ایک روزہ مقابلوں میں مشرفی مرتضیٰ نئے کپتان ہوں گے۔

مشرفی مرتضی 2010ء میں 7 ون ڈے مقابلوں میں بنگلہ دیش کی قیادت کر چکے ہیں (تصویر: AFP)
مشرفی مرتضی 2010ء میں 7 ون ڈے مقابلوں میں بنگلہ دیش کی قیادت کر چکے ہیں (تصویر: AFP)

زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز اگلے ماہ کے اواخر میں ہوگا جب تین میں سے پہلا ٹیسٹ میرپور، ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے مقابلے کھیلیں گی۔

بنگلہ دیش نے ستمبر 2011ء میں زمبابوے کے ناکام دورے کے بعد قیادت شکیب الحسن سے چھین کر مشفق الرحیم کے سپرد کی تھی۔ لیکن رواں سال ہونے والے تمام 13 ون ڈے مقابلوں میں بنگلہ دیش کو شکست ہوئی۔ شکستوں کا جو سلسلہ 17 فروری کو ڈھاکہ میں سری لنکا کے ہاتھوں شروع ہوا وہ گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ون ڈے تک رکنے میں نہیں آیا۔ یہاں تک کہ رواں سال ٹیم افغانستان کے خلاف مقابلہ بھی نہیں جیت پائی اور ایشیا کپ میں اس کے ہاتھوں بھی 32 رنز سے شکست کھائی۔ اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بنگلہ دیش نے مشفق الرحیم کو ٹیسٹ تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں تمیم اقبال ان کے نائب ہوں گے جبکہ ایک روزہ دستے کی قیادت مشرفی کے ہاتھوں میں سونپ دی ہے۔ سابق کپتان شکیب الحسن ایک روزہ دستے کے نائب کپتان ہوں گے۔

139 ایک روزہ مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھنے والے مشرفی مرتضیٰ 2010ء میں 7 ون ڈے مقابلوں میں بنگلہ دیش کی قیادت کر چکے ہیں جس میں انہوں نے آخری مقابلہ اکتوبر 2010ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈھاکہ میں کھیلا تھا۔ ان 7 میں سے تین میں بنگلہ دیش کو فتح نصیب ہوئی جس میں برسٹل میں کھیلا گیا وہ تاریخی میچ بھی شامل ہے جس میں بنگلہ دیش نے 5 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

کپتان کی حیثیت سے مشرفی کا پہلا امتحان 21 نومبر کو چٹاگانگ میں ہوگا جہاں بنگلہ دیش اور زمبابوے پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل آئیں گے۔