واحد ٹی ٹوئنٹی؛ پاکستان نے بنگلہ دیشی ارمان ٹھنڈے کر دیے

0 1,009

بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان نے اپنی اصلی قوت یعنی باؤلنگ کے بل بوتے پر بنگلہ دیش کو واحد ٹی ٹوئنٹی میں 50 رنز کے بھاری مارجن سے چت کر دیا۔ گو کہ بنگلہ دیشی اسپنرز نے میچ کو ابتداء ہی میں اپنا شکنجہ کس دیا تھا تھا لیکن پاکستان نے نہلے کا جواب دہلے سے دے کر اپنے اسپن گیند بازوں کے بل بوتے پر بنگلہ دیش کو فتح کے سنہری موقع سے محروم کر دیا۔ میزبان بلے باز پاکستان کی گيند بازی کے سامنے مکمل بے بس رہے اور محض 136 رنز کا تعاقب بھی ان کے لیے ناقابل عبور ثابت ہوا اوروہ 9 وکٹوں پر صرف 85 رنز بنا پائے۔

محمد حفیظ کی گیند بازی کی بدولت پاکستان نے دو اہم ترین حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا (تصویر: AFP)
محمد حفیظ کی گیند بازی کی بدولت پاکستان نے دو اہم ترین حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا (تصویر: AFP)

پاکستان کے اسپن گیند باز، جنہوں نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، نے ایک بار پھر پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالا اور ایسی عمدہ گیند بازی کی کہ بنگلہ دیش ایک لمحے کے لیے بھی مقابلے پر حاوی نہیں ہوسکا۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو شیر بنگلہ اسٹیڈیم کی اسپنرز کے لیے مددگار پچ کا اندازہ تھا اس لیے انہوں نے باؤلنگ کا آغاز ہی محمد حفیظ کے ذریعے کیا جنہوں نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنے 4 اوورز میں محض 11 رنز دے کر بنگلہ دیش کی دو قیمتی ترین وکٹیں حاصل کیں یعنی شکیب الحسن اور الوک کپالی ۔

میزبان ٹیم کے حامیوں سے کھچاکھچ بھرے میدان میں موت کا سا سناٹا چھا گیا، جو گیند بازی میں بنگلہ دیش کی عمدہ کارکردگی کے بعد ایک آسان فتح کی توقعات لگائے بیٹھے تھے لیکن پاکستان کے گیند باز کہاں ہمت ہارنے والے تھے اور انہوں نے حریف بلے بازوں کو ایسا تگنی کا ناچ نچایا کہ انہیں اندازہ ہو گیا کہ وہ یہ میچ نہیں جیت پائیں گے۔ پاکستانی گیند بازوں نے ابتداء ہی میں ایسی کاری ضربیں لگائیں کہ بنگلہ دیش کے لیے ہدف تک پہنچنا ممکن ہی نہ رہا۔ ابتدائی پانچ اوورز میں میزبان بلے بازوں نے 3 وکٹیں کھو کر 15 رنز ہی بنائے۔ محمد حفیظ کی جانب سے شکیب الحسن کی قیمتی وکٹ حاصل کرنے کے بعد کپتان مشفق الرحیم پر بہت زیادہ دباؤ آ گیا جو ایک روزہ کے نمبر ایک گیند باز سعید اجمل کو سمجھنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ مجموعی طور پر پاکستان کی فیلڈنگ بھی عمدہ رہی، جنہوں نے دو حریف کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کیا اور چند بہترین کیچ بھی پکڑے۔ بنگلہ دیش کے ناصر حسین اور شکیب الحسن کی اننگز ہی دہرے ہندسے میں داخل ہو سکیں۔ دیگر بلے باز تو اس 'شرف' سے بھی محروم رہے۔ ناصر نے 35 اور شکیب نے 10 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور شعیب ملک کی 2،2 وکٹوں کے علاوہ عمر گل، شاہد آفریدی اور اعزاز چیمہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان عمدہ آغاز کا فائدہ نہیں اٹھا سکا اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 135 رنز بنا پایا۔ محمد حفیظ نے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے جبکہ کپتان مصباح الحق 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جب تک محمد حفیظ موجود تھے پاکستان 8 سے زائد کے اوسط سے رنز بنا رہا تھا لیکن نویں اوور میں شکیب الحسن نے انہیں پورا اوور نچانے کے بعد آخری گیند پر آؤٹ کر دیا اور یہیں سے پاکستانی اننگز نے پلٹا کھایا۔ بنگلہ دیش نے ہی ابتداء سے اپنے اسپنرز کو حملہ کرنے کے لیے میدان میں اتارا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے الوک کپالی اور شکیب الحسن ہی بہترین گیند باز رہے جنہوں نے بالترتیب 12 اور 24 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ عبد الرزاق اور ناصر حسین کو ایک،ایک وکٹ ملی۔

محمد حفیظ کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب دونوں ٹیمیں 3 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی جس کا پہلا معرکہ یکم دسمبر کو ڈھاکہ کے اسی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش: واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ

بتاریخ: 29 نومبر 2011ء

بمقام: شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ

نتیجہ: پاکستان 50 رنز سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: محمد حفیظ (پاکستان)

پاکستان رنز گیندیں چوکے چھکے
محمد حفیظ ب شکیب 25 31 2 1
عمران فرحت ک مشفق ب  ب شکیب 16 10 3 0
اسد شفیق ک رزاق ب ناصر 19 22 1 0
عمر اکمل ک مشفق ب الوک کپالی 20 14 3 0
مصباح الحق ناٹ آؤٹ 21 20 1 0
شعیب ملک ک و ب رزاق 2 3 0 0
شاہد آفریدی ک ناصر ک الوک کپالی 8 6 0 1
سہیل تنویر رن آؤٹ 6 13 0 0
عمر گل ناٹ آؤٹ 4 2 1 0
فاضل رنز ل ب 3، و 10، ن ب 1 14
مجموعہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 135

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
شفیع الاسلام 3 0 20 0
عبد الرزاق 4 0 25 1
شکیب الحسن 4 1 24 2
فرہاد رضا 1 0 10 0
روبیل حسین 2 0 17 0
ناصر حسین 2 0 14 1
محمود اللہ 1 0 10 0
الوک کپالی 3 0 12 2

 

بنگلہ دیشہدف: 136 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
نعیم اسلام ایل بی ڈبلیو ب عمر گل 3 9 0 0
امر القیس رن آؤٹ 2 8 0 0
الوک کپالی ک مصباح ب حفیظ 0 3 0 0
شکیب الحسن ب حفیظ 7 14 0 0
مشفق الرحیم رن آؤٹ 10 18 0 0
محمود اللہ ک عمر اکمل ب اعزاز چیمہ 2 5 0 0
ناصر حسین ناٹ آؤٹ 35 38 2 1
فرہاد رضا ایل بی ڈبلیو ب شاہد آفریدی 6 10 0 0
عبد الرزاق ک شاہد آفریدی ب شعیب ملک 9 9 1 0
شفیع الاسلام ایل بی ڈبلیو ب شعیب ملک 0 1 0 0
روبیل حسین ناٹ آؤٹ 0 5 0 0
فاضل رنز ل ب 6، و 5 11
مجموعہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 85

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
محمد حفیظ 4 0 11 2
عمر گل 2 0 7 1
سعید اجمل 4 0 19 0
شاہد آفریدی 4 0 15 1
اعزاز چیمہ 2 0 9 1
سہیل تنویر 2 0 11 0
شعیب ملک 2 0 7 2