کریگ میکڈرمٹ آسٹریلیا کے نئے باؤلنگ کوچ مقرر

0 1,047

آسٹریلیا کے سابق تیز گیند باز کریگ میکڈرمٹ کو آسٹریلیا کا نیا باؤلنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ موجودہ کوچ ٹروئے کولی کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔

کریگ میکڈرمٹ آسٹریلیا کی جانب سے 71 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں

میکڈرمٹ کو ان کے پرانے حریف ایلن ڈونلڈ پر فوقیت دیتے ہوئے اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان کے انتخاب کا اعلان جمعرات کو برسبین میں امیدواروں کے حتمی انٹرویوز کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ برائے کرکٹ آپریشنز مائیکل براؤن نے کیا۔

ان کے علاوہ آسٹریلیا کے بیٹنگ کوچ جسٹن لینگر کے عہدے میں مزید ایک سال کی توسیع کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ لینگر نومبر 2009ء سے اس عہدے پر فائز ہیں۔

1996ء میں ریٹائرمنٹ ہونے والے کریگ میکڈرمٹ آسٹریلیا کے عارضی تیز باؤلنگ کوچ کے طور پر اپریل میں آسٹریلین دستے کے ساتھ بنگلہ دیش کا دورہ کر چکے ہیں اور وہاں پیش کردہ نتائج ہی انہیں دیگر امیدواروں پر فوقیت دینے کا سبب بنے ہیں۔

کریگ میکڈرمٹ کے علاوہ آسٹریلیا کے باؤلنگ کوچ کے لیے جنوبی افریقہ کے عظیم باؤلر ایلن ڈونلڈ بھی حتمی امیدواروں میں شامل تھے۔ ڈونلڈ اس وقت نیوزی لینڈ کو باؤلنگ کوچ ہیں۔ ان دونوں کے علاوہ ایلسٹر ڈی ونٹر حتمی فہرست میں شامل تھے جبکہ پہلے مرحلے میں جیسن گلسپی اور اینڈی بکل جیسے آسٹریلوی باؤلر بھی اس دوڑ کا حصہ تھے۔ اب ایلن ڈونلڈ نیوزی لینڈ میں اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

میکڈرمٹ نے 12 سال پر محیط اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 71 میچز کھیلے اور 291 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر میں 203 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری مقابلہ 1996ء کے عالمی کپ میں کینیا کے خلاف کھیلا تھا۔