آسٹریلیا بھارت کا سامنا کرنے کو تیار، پہلے ٹیسٹ کے لیے دستے کا اعلان کردیا

1 1,014

حال ہی میں پاکستان کے ہاتھوں تاریخی ہزیمت سے دوچار ہونے کے بعد اب آسٹریلیا کا اگلا امتحان پاکستان کے پڑوسی بھارت کے خلاف ہوگا جس کے پہلے ٹیسٹ کے لیے کینگروز نے اپنے 12 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے۔ کپتان مائیکل کلارک بھی حتمی دستے شامل ہیں، جو اس وقت ران کے پٹھے کی تکلیف سے دوچار ہیں اور اسی تکلیف کی وجہ سے پاک-آسٹریلیا سیریز کا محدود اوورز کا مرحلہ نہیں کھیل پائے تھے۔ البتہ انہیں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے فٹ قرار دیا گیا تھا جہاں وہ قیادت کی ناکامی کے ساتھ ساتھ انفرادی طور پر بھی کوئی نمایاں کارکردگی پیش نہیں کرپائے تھے۔

کلارک نے پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی ناکام رہے تھے، اب زخمی بھی ہیں (تصویر: Getty Images)
کلارک نے پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی ناکام رہے تھے، اب زخمی بھی ہیں (تصویر: Getty Images)

اب بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل کلارک کے پاس صرف 10 دن کا وقت ہے، جس میں انہیں خود کو فٹ ثابت کرنا ہوگا بصورت دیگر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ کلارک جمعہ اور سنیچر کو بھارت کے خلاف دو روزہ مقابلے میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان کے خلاف سیریز میں بدترین ناکامی کے بعد گلین میکس ویل کو دستے سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ آسٹریلیا کے تیز گیندبازوں کی مجموعی ناقص کارکردگی کا نزلہ مچل اسٹارک پر اترا ہے جنہیں باہر بٹھا دیا گیا ہے۔ ان دونوں کی جگہ شین واٹسن اور نوجوان جوش ہیزل ووڈ نے لی ہے۔ واٹسن انجری کے بعد اب مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں اور جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ایک روزہ میں خوب کارکردگی بھی دکھائی ہے۔ جوش کو بھی بین الاقوامی کرکٹ میں اچھی فارم میں ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ دستے میں طلب کیا گیا ہے۔

تیز گیندباز راین ہیرس کیریئر کو خطرے سے دوچار کرنے والی گھٹنے کی تکلیف اور اس سے بحالی کے لیے آپریشن کے بعد اب بین الاقوامی کرکٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور 12 رکنی دستے کا حصہ ہیں۔ ہیرس نے اپنا آخری ٹیسٹ رواں سال مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلا تھا اور سات وکٹیں حاصل کرکے تاریخی کامیابی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا تھا۔

بھارت اور آسٹریلیا کی چار ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ 4 دسمبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ 2012ء میں آسٹریلیا نے آخری دورے میں بھارت کو چار-صفر سے کلین سویپ کیا تھا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مائیکل کلارک (کپتان)،بریڈ ہیڈن (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، اسٹیون اسمتھ، پیٹر سڈل، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، راین ہیرس، کرس راجرز، مچل جانسن، مچل مارش اور ناتھن لیون۔