ایلن ڈونلڈ نیوزی لینڈ کے باؤلنگ کوچ کے عہدے سے دستبردار

0 1,058

ایلن ڈونلڈ نیوزی لینڈ کے باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے دستبردار ہو گئے۔

ایلن ڈونلڈ جنوبی افریقہ کے لیے خدمات انجام دینے کے خواہشمند ہیں

کرک نامہ کو نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ایلن ڈونلڈ نے کہا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہے اس لیے بلیک کیپس کے ساتھ سفر جاری نہیں رکھ پائیں گے۔

ڈونلڈ متعدد مواقع پر زبانی اقرار کر چکے ہیں کہ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ سے وابستہ رہیں گے اور حال ہی میں آسٹریلیا کے باؤلنگ کوچ کا عہدہ نہ ملنے پر انہوں نے ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ سے وابستگی کا اعادہ کیا تھا تاہم اب اچانک انہوں نے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جسٹن وان نے ایلن ڈونلڈ کے اس فیصلے کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایلن کو ساتھ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن یہ بات بھی قابل فہم ہے کہ جنوبی افریقہ کے لیے ذمہ داری نبھانا ان کے لیے اور ان کے اہل خانہ دونوں کے لیے زیادہ پرکشش ہوگا۔

اب نیوزی لینڈ نئے باؤلنگ کوچ کی تلاش میں ہوگا اور جسٹن وان پرامید ہیں کہ انہیں جلد ہی ایلن ڈونلڈ کا کوئی اچھا متبادل مل جائے گا۔

ایلن ڈونلڈ نے رواں سال 18 جنوری کو نیوزی لینڈ کے باؤلنگ کوچ کا عہدہ سنبھالا تھا اور عالمی کپ 2011ء میں بھی اسی عہدے پر موجود تھے جہاں نیوزی لینڈ سیمی فائنل تک پہنچا تھا۔