[ریکارڈز] شاہد آفریدی سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بلے باز

پاکستان کے شاہد خان آفریدی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پانچویں ون ڈے میں ایک مرتبہ پھر صفر پر آؤٹ ہوئے اور یوں وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز بن گئے۔

پانچویں ون ڈے میں شاہد آفریدی اس وقت میدان میں آئے جب آخری پاور پلے کے آغاز سے محض ایک اوور قبل شعیب ملک آؤٹ ہو گئے تھے اور پاکستان 151 رنز پر اپنی 6 وکٹیں گنوا چکا تھا اور پاکستان کو ضرورت تھی کہ بلے بازوں کی آخری جوڑی اننگز کو توقعات کے مطابق آگے بڑھائے۔ لیکن شاہد آفریدی محض دو گیندیں کھیلنے کے بعد راین میک لارن کے اوور کی آخری گیند پر جھپٹ پڑے اور شاٹ سیدھا ڈیپ اسکوائر لیگ پر کھڑے کولن انگرام کے ہاتھ میں گیا۔ یوں شاہد آفریدی اپنے ایک روزہ کیریئر میں 29 ویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
یوں انہوں نے سابق کپتان وسیم اکرم کا 28 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے اپنے 19 سالہ کیریئر میں 356 میچز میں یہ "کارنامہ" انجام دیا۔ شاہد آفریدی نے اپنے 16 سالہ کیریئر میں اب تک 354 میچز کھیلے ہیں اور 23 سے زائد کے اوسط سے 7 ہزار سے زیادہ رنز بنا رکھے ہیں، جن میں 6 سنچریاں اور 34 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
صرف ایک کھلاڑی کو شاہد آفریدی سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا "اعزاز" حاصل ہے اور وہ ہیں سری لنکا کے سنتھ جے سوریا۔ جو اپنے 22 سالہ طویل کیریئر میں 445 میچز میں 34 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔لیکن اس داغ کے باوجود ان کا کیریئر شاندار ہے۔ انہوں نے 32 سے زیادہ کے اوسط سے 13 ہزار 430 ون ڈے رنز بنائے اور 68 نصف سنچریاں اور 28 سنچریاں بھی بنائیں۔
اب شاہد آفریدی، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں ڈیڑھ دو سال کی کرکٹ ابھی باقی ہے، کے پاس موقع ہے کہ وہ ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکوں کی طرح یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کریں۔
آئیے آپ کو دکھاتے ہیں کہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کون سے ہیں؟
ون ڈے کیریئر میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز
نام | ملک | مقابلے | کل رنز | صفر | |
---|---|---|---|---|---|
سنتھ جے سوریا | ![]() |
سری لنکا | 445 | 14430 | 34 |
شاہد آفریدی | ![]() |
پاکستان | 354 | 7201 | 29 |
وسیم اکرم | ![]() |
پاکستان | 356 | 3717 | 28 |
مہیلا جے وردھنے | ![]() |
سری لنکا | 391 | 10892 | 26 |
متیاہ مرلی دھرن | ![]() |
سری لنکا | 350 | 674 | 25 |
چمندا واس | ![]() |
سری لنکا | 322 | 2025 | 25 |
رمیش کالووتھارنا | ![]() |
سری لنکا | 189 | 3711 | 24 |
ڈینیل ویٹوری | ![]() |
نیوزی لینڈ | 272 | 2105 | 22 |
ہرشل گبز | ![]() |
جنوبی افریقہ | 248 | 8094 | 22 |
کرس گیل | ![]() |
ویسٹ انڈیز | 242 | 8442 | 21 |