زلمی کا وار، لگاتار! اسلام آباد کو ایک اور شکست

0 1,065

شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر مصباح الحق کو، معذرت پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ میں ایک بار پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی ہے اور یوں زلمی ایک مرتبہ پھر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آ گیا ہے۔

جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر یہ مقابلہ دیکھنے کے لیے شارجہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ بھی نہیں تھی۔ جہاں پاکستان کے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کپتان میدان میں اترے تو ٹاس پشاور زلمی کے شاہد آفریدی نے جیتا اور پہلے مصباح الیون کا امتحان لینے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد نے 152 رنز ضرور اکٹھے کیے لیکن سوائے خالد لطیف کے کوئی ایسی کارکردگی پیش نہ کر سکا کہ جو پشاور کو زیر کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرتی۔

PZ-IU

افتتاحی بلے بازوں شین واٹسن اور شرجیل خان نے صرف 27 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پھر بھی ابتدائی 10 اوورز تک مقابلہ کافی حد تک اسلام آباد کے پاس تھا اور اسے آگے صرف مستحکم آغاز کا فائدہ اٹھانا تھا۔ البتہ 73 رنز پر شرجیل خان کی وکٹ گرنے کے بعد آہستہ آہستہ یونائیٹڈ کی گرفت ڈھیلی ہوتی گئی۔ اس میں ایک سبب مصباح الحق کی دھیمی بلے بازی بھی تھی کہ جنہوں نے 27 گیندوں پر صرف 32 رنز بنائے۔ ان کے مقابلے میں دوسرے کنارے پر کھڑے خالد لطیف نے کافی عمدہ کھیل پیش کیا۔ چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے خالد نے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ لیکن اسلام آباد آخری اوورز میں رنز نہ لوٹ سکا، اس کا سہرا پشاور کے باؤلرز کو بھی جاتا ہے کہ جنہوں نے حتمی تین اوورز میں صرف 22 رنز دیے۔ یہی مقابلے کہ "ٹرننگ پوائنٹ" ثابت ہوا۔

Unplayable! Mohammad Asghar produces a moment of brilliance to dismiss Shane Watson!

Posted by Pakistan Super League on Friday, February 12, 2016

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض اور محمد اصغر نے ایک مرتبہ پھر عمدہ باؤلنگ کی اور دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک، ایک کھلاڑی کو شان ٹیٹ اور جنید خان نے آؤٹ کیا۔

گو کہ ہدف کے تعاقب میں پشاور کو بہت جلد محمد حفیظ کی قیمتی وکٹ گنوانی پڑی لیکن وہ 8 اوورز میں 63 رنز تک پہنچنے میں ضرور کامیاب ہوگیا۔ جم ایلن بی پی ایس ایل میں اپنا پہلا مقابلہ کھیل رہے تھے اور کوئی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔ وہ 11 گیندوں پر 7 رنز بنانے کے بعد محمد سمیع کے ایک شاندار کیچ کا نشانہ بنے۔

ابتدائی 12 اوورز میں ہی زلمی 93 رنز تک پہنچ چکا تھا یعنی کامیابی صرف 60 رنز کے فاصلے پر۔ یہاں اسلام آباد کو ایک معجزاتی کارکردگی کی ضرورت تھی جو بدقسمتی سے کوئی بھی پیش نہ کرسکا۔ بالخصوص تمیم اقبال کے سامنے کسی باؤلر کی دال نہ گلی کہ جو 58 گیندوں پر 80 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ شاہد یوسف نے 19 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 27 رنز بنائے اور زلمی 19 ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ ہدف تک پہنچ گئے۔

اسلام آباد کی جانب سے سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کیں لیکن اس کے لیے 44 رنز دیے اور یوں سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔ ایک، ایک وکٹ محمد سمیع اور سیموئل بدری نے بھی حاصل کی۔

تمیم اقبال کو شاندار بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

پانچ مقابلے میں چار فتوحات کے بعد اب بلند حوصلہ پشاور کا اگلا مقابلہ شکستوں سے بے حال لاہور قلندرز سے کل یعنی سنیچر کو ہوگا جبکہ اسلام آباد کے لیے حالات اب خاصے دشوار ہو چکے ہیں۔ ان کے صرف دو مقابلے باقی ہیں، جن میں سے پہلا اتوار کو کراچی کنگز سے ہوگا جبکہ بدھ کو لاہور قلندرز کے خلاف وہ آخری مقابلہ کھیلیں گے۔