آسٹریلیا نئی قسم کی گلابی گیندیں استعمال کرے گا

0 1,047

آسٹریلیا نے ڈومیسٹک اور اس کے بعد ڈے/نائٹ ٹیسٹ میں گلابی گیند استعمال کرکے تاریخ تو رقم کردی ہے، لیکن اس کے بعد چند مسائل ضرور سامنے آئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آئندہ شیفیلڈ شیلڈ مقابلوں میں گلابی رنگ کی ایسی گیند استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی سیم یعنی سلائی سیاہ دھاگے سے کی جائے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق گلابی گیند برسبین، ایڈیلیڈ اور پرتھ میں ہونے والے مقابلوں میں استعمال کی جائے گی جس کے بعد کھلاڑیوں سے مزید رائے لی جائے گی۔ یہ قدم ویسے بھی کھلاڑیوں کی آرا کی روشنی میں ہی اٹھایا گيا تھا جنہوں نے نومبر میں ہونے والے تاریخی ڈے/نائٹ میں کہا تھا کہ دن کے وقت تو گیند بہتر نظر آ رہا تھا لیکن شام میں اسے دیکھنے میں مشکل پیش آ رہی تھی۔ ان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے گیند بنانے والے ادارے کوکابیورا نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

pink-cricket-ball

ایڈیلیڈ میں ہونے والے تاریخ کے پہلے ڈے/نائٹ ٹیسٹ مقابلے کے انعقاد کو کامیاب قرار دیا گیا تھا گو کہ اس کا فیصلہ محض تین دن میں ہی ہوگیا تھا۔ لیکن کھلاڑیوں نے مصنوعی روشنیوں میں بلے بازی میں دشواری کی شکایت کی تھی اور کہا کہ کھیل کے دوران بلے بازی اور گیند کے درمیان نازک توازن باؤلرز کے حق میں چلا گیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ڈے/نائٹ ٹیسٹ کا تجربہ موسم گرما کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا تاہم اس سال کے آخر میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے دورۂ آسٹریلیا کے دوران کوئی ڈے/نائٹ ٹیسٹ طے نہیں کیا گیا۔