کراچی سے خیبر تک، اہم مقابلے کا جوش

0 1,033

کراچی کنگز کا شمار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سب سے متوازن ٹیم کے طور پر ہو رہا تھا جس کا ثبوت انہوں نے روایتی حریف لاہور قلندرز کے خلاف مقابلے میں باآسانی کامیابی حاصل کرکے دیا بھی، مگر اس کے بعد کراچی کو مسلسل دو مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے ان پر کافی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ آج ان کا اہم ترین مقابلہ پشاور زلمی سے ہے۔ دونوں اپنے آخری مقابلوں میں شکست سے دوچار ہوئی ہیں اس لیے کراچی-پشاور مقابلہ کراچی سے خیبر تک سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کا مقابلہ اس مرتبہ شارجہ میں ہے جہاں پہلے روز کے کھیل میں زبردست بلے بازی دیکھنے کو ملی۔ اسپنرز کے لیے یہاں شاید وہ مدد نہ ہو، جو دبئی میں تھی، اس لیے کراچی کے محمد عامر اور سہیل تنویر کو زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی بالخصوص آخری اوورز میں تاکہ رنز کی رفتار روکی جاسکے۔

شارجہ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلے گئے مقابلے کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ وہاں کی وکٹ بلے بازوں کے لیے زیادہ سازگار ہے۔ لہٰذا کراچی کے بلے بازوں خصوصاً کپتان شعیب ملک، روی بوپارا اور شکیب الحسن کو بھی زیادہ سے زیادہ زنز بنانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

11 feb-02

اِس وقت کراچی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے، اور اگر آج کا میچ بھی ہاتھ سے نکل گیا تو یہ خدشہ ہوگا کہ وہ سب سے نیچے آجائے۔

دوسری طرف اگر پشاور زلمی کی بات کی جائے تو اِس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ گیند بازی کے شعبے میں وہ بہت مضبوط ہے۔ شان ٹیٹ، وہاب ریاض، جنید خان، شاہد آفریدی اور محمد اصغر کی موجودگی میں مخالف ٹیموں کے لیے رنز بنانا ہرگز آسان نہیں ہوگا۔ بس اگر اِس میچ میں تمیم اقبال، محمد حفیظ اور کامران اکمل کی جانب سے اچھا آغاز فراہم کردیا تو پیچھے موجود ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی سے کراچی کے لیے بہت خطرات پیدا کرسکتی ہے۔ پشاور نے اب تک کھیلے گئے دو مقابلے باآسانی جیتے ہیں اور جس ایک مقابلے میں آسے شکست ہوئی ہے وہ بھی سنسنی خیزی کی آخری حدوں تک پہنچ گیا تھا۔ اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ آج کا مقابلہ دونوں ٹیموں کا بڑا امتحان ہوگا، خاص طور پر کراچی کنگز کا۔

کراچی کنگز ان کھلاڑیوں میں سے اپنے حتمی دستے کا انتخاب کرے گا:

شعیب ملک (کپتان)، روی بوپارا، عماد وسیم، محمد عامر، نعمان انوار، سیف اللہ بنگش، لینڈل سمنز، سہیل تنویر، تلکارتنے دلشان، شاہزیب حسن، بلاول بھٹی، افتخار احمد، میر حمزہ، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، سہیل خان، فواد عالم، اسامہ میر اور جیمز ونس۔

پشاور زلمی مندرجہ ذیل کھلاڑیوں سے حتمی الیون کھلائے گا:

شاہد آفریدی (کپتان)، عامر یامین، کامران اکمل، محمد حفیظ، ڈیرن سیمی، شاہد یوسف، وہاب ریاض، عبدالرحمان، جنید خان، ڈیوڈ ملان، تمیم اقبال، تاج ولی، مصدق احمد، حسن علی، اسرار اللہ، محمد اصغر اور شان ٹیٹ۔