اچانک!! تھیسارا پیریرا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

0 1,206

کھمبیوں کی طرح اگنے والی لیگز بین الاقوامی کرکٹ، بالخصوص ٹیسٹ، کس قدر نقصان پہنچا رہی ہیں، اس کا اندازہ کھلاڑیوں کے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کے فیصلوں سے ہو رہا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں اچھے بھلے کھلاڑیوں نےاچانک کرکٹ چھوڑنے کے اعلانات کیے، جس کے بعد شائقین کرکٹ کے کان کھڑے ہوئے۔ اسی فہرست میں تازہ اضافہ سری لنکا کے نوجوان تھیسارا پیریرا کا ہے۔ صرف 26 سال کی عمر میں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور سری لنکا کرکٹ کو اس فیصلے سے آگاہ بھی کردیا ہے۔

انڈین اور کیریبیئن پریمیئر لیگ کھیلنے والے پیریرا کے اس اچانک فیصلے کی وجوہات تو سمجھ نہیں آئیں لیکن یہ ایک خطرناک رحجان کی عکاسی ضرور کرتا ہے۔ وہ ملک کے واحد کھلاڑی نہیں ہیں جنہوں نے یہ حرکت کی ہے۔ ان سے قبل لاستھ مالنگا بھی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں اور صرف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی تک محدود ہیں اور اب پیریرا نے بھی انہی کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیریرا نے 2011ء میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ساڑھے چار سالوں میں صرف چھ ٹیسٹ ہی کھیلے ہیں اور آخری ٹیسٹ بھی انہوں نے جولائی 2012ء میں کھیلا تھا لیکن نہ کھیلنے پر ریٹائرمنٹ لے لینا سمجھ نہیں آتا۔

سری لنکا کو رواں سال مئی میں انگلستان کا دورہ کرنا ہے جہاں وہ تین ٹیسٹ کے علاوہ پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے گا۔ اہم کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ، بالخصوص ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ جانے، اور اس کے بعد اب میچ فکسنگ کے معاملات اور دورۂ نیوزی لینڈ میں انضباطی مسائل نے سری لنکا کو سخت بحران سے دوچار کردیا ہے جبکہ اسے چند ماہ میں اپنے عالمی ٹی ٹوئنٹی اعزاز کا دفاع بھی کرنا ہے۔