بھارت میں نوعمر بلے باز کے ساتھ بھاری رقم کا معاہدہ

0 1,001

بھارت میں کرکٹ کے باصلاحیت ترین کھلاڑی کیسے سامنے آتے ہیں؟ کیونکہ وہ کھیل کی قدر کرتے ہیں اور دل سے اسے چاہتے ہیں۔

پرتھوی شا نے گزشتہ سال 546 رنز کی اننگز کھیل کر عالمی شہرت حاصل کی تھی (تصویر: BCCL)
پرتھوی شا نے گزشتہ سال 546 رنز کی اننگز کھیل کر عالمی شہرت حاصل کی تھی (تصویر: BCCL)

گزشتہ سال پرتھوی شا نامی بچے نے 546 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اور ملک گیر بلکہ عالمی شہرت حاصل کی تو کئی نظریں مستقبل کے اس بلے باز پر ٹھہر گئی تھیں۔ لیکن اب کرکٹ کا سامان بنانے والے معروف ادارے ایس جی نے پرتھوی کے ساتھ 36 لاکھ روپے کی خطیر رقم کا معاہدہ کرکے اسے ایک مرتبہ پھر سرخیوں میں پہنچا دیا ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایس جی ماضی میں سنیل گاوسکر، راہول ڈریوڈ اور وریندر سہواگ جیسے شہرۂ آفاق بلے بازوں کے ساتھ رہ چکا ہے۔ پرتھوی کے ساتھ 6 سال کی مدت کے لیے معاہدے کی وجہ یہ ہے کہ 14 سالہ بلے باز اپنی پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھ سکے۔

ایس جی کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر پارس آنند نے اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے اخبار کو بتایا کہ پرتھوی گزشتہ تین چار سالوں سے ہمارا بنایا گیا سامان استعمال کررہا ہے، بس اسے شہرت تب ملی جب اس نے پچھلے سال عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ہمیں معلوم ہوا کہ پرتھوی ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اب ہمارے ساتھ ہونے والا معاہدہ انہیں وہ مدد فراہم کرے گا جن کی انہیں ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عالمی معیار کے سامان کے ساتھ ساتھ انہیں اب اپنے سفری اور کوچنگ کے اخراجات کے لیے بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

پرتھوی اب کرکٹ کا سامان بنانے والے ادارے کے ساتھ معاہدہ کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں اور ادارے کو ان کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے کہ مستقبل میں وہ بھارت کی جانب سے کھیلیں گے۔ اس وقت پرتھوی شا ممبئی کی انڈر 16 ٹیم کے کپتان ہیں۔